بانئ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزا نہیں: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر—فائل فوٹو
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق اطلاعات حوصلہ افزا نہیں، پوری قوم کو تشویش ہے۔
اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ خان صاحب کی صحت اور کیسز سے متعلق کچھ ہدایات ضرور ملی ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ میں 18 اگست کے عدالتی حکم پر عمل درآمد کی درخواست کی ہے، عدالتی حکم کے مطابق بانئ پی ٹی آئی کو شفٹ کرنے اور علاج کی ہدایت کی گئی تھی۔
یہ بھی پڑھیے
بیرسٹر گوہر نے 380 دن بعد بانی سے ملاقات کو خوش آئند قرار دے دیا
ان کا کہنا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کے علاج کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا بھی حکم دیا گیا تھا، سپریم کورٹ سے کیس کی جلد سماعت مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہیے، ملک میں سیاسی تناؤ مزید نہیں بڑھنا چاہیے، اب یہ سلسلہ ختم ہونا چاہیے، بانئ پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی اور علاج سے متعلق فیصلے کیے جائیں۔
انہوں نے کہا ہے کہ بانئ پی ٹی آئی کی بہنیں جیل میں ہیں، تاحال ان کے بارے میں کچھ معلوم نہیں، ان کو فوری رہا کیا جائے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ