وزیرِ اعظم شہباز شریف کا ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان میں اصلاحات پر زور

وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈیپ) کی کارکردگی اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق اجلاس ہوا جس میں ادارے کی کارکردگی اور ڈھانچے پر بریفنگ دی گئی۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی استعداد وسیع ہے اور اس کا جغرافیائی محل وقوع انتہائی موزوں ہے، برآمدات میں اضافے کے لیے ضروری ہے کہ ملکی صنعتوں کی تیار کردہ مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک رسائی دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ جدید خطوط پر استوار ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی اس مقصد کے حصول میں معاون ثابت ہو گی، زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے مکمل نظام، بشمول پوری ویلیو چین تشکیل دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے
برآمد کنندہ ایس ایم ایز کیلئے بڑی مراعات، وزیراعظم نے 80 فیصد برآمدات کی شرط ختم کردی
وزیرِاعظم نے ہدایت کی کہ ٹی ڈیپ میں میرٹ کی بنیاد پر اچھی تربیت یافتہ افرادی قوت بھرتی کی جائے۔
ان کا کہنا ہے کہ اصلاحات اسی وقت ممکن ہیں جب ترقی کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔
انہوں نے ادارے کے مالی اور انتظامی امور کے آڈٹ کے لیے اچھی شہرت کی حامل آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیرِ اعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومت برآمدات بڑھانے کے لیے صنعتوں اور کاروباری شعبے کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ