جمعہ، 6 نومبر، 2026 · 27 جمادی الاول، 1448 ہجری

شکار کر کے مرغیاں کھانے کی شوقین چیل کو موٹاپے کے سبب اڑنے میں مشکلات کا سامنا

تازہ ترین
شکار کر کے مرغیاں کھانے کی شوقین چیل کو موٹاپے کے سبب اڑنے میں مشکلات کا سامنا

امریکی ریاست ورجینیا میں جنگلی حیات کے ماہرین نے ایک مادہ چیل کو زیادہ مرغیاں کھانے اور مسلسل سوتے رہنے کے باعث موٹاپے کا شکار قرار دے دیا ہے۔

ورجینیا کے مرکز برائے تحفظِ جنگلی حیات کے مطابق ایک بالغ سرخ کندھوں والی (red-shouldered hawk) چیل ایک گھر کے گیرج میں بے بسی کی حالت میں ملی تھی۔

مرکز منتقل کیے جانے کے بعد ماہرین نے اس کی ہڈیوں، آنکھوں، سر اور جسم کا معائنہ کیا تاہم کسی قسم کی چوٹ یا بیماری کی نشاندہی نہیں ہوئی۔

یہ بھی پڑھیے

مونچھوں والے نومولود بچے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بعد ازاں معلوم ہوا کہ چیل کا وزن 910 گرام ہو چکا تھا اور جسم پر چربی کی تہہ اتنی بڑھ گئی تھی کہ اس کے سینے کی ہڈی بھی محسوس نہیں کی جا سکتی تھی۔

چیل کی صحت کی مزید جانچ پڑتال سے انکشاف ہوا کہ چیل قریبی علاقوں میں کھلی چھوڑی جانے والی مرغیوں کا شکار کرتی، پیٹ بھر کر مرغیاں کھاتی اور پھر درختوں پر جا کر سو جاتی تھی، کئی ہفتوں تک یہی معمول جاری رہنے کے باعث اس کا وزن غیر معمولی حد تک بڑھ گیا اور وہ اڑنے کی صلاحیت کھو بیٹھی۔

واقعے کی خبر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔

بعض نے چیل کے موٹاپے پر حیرت کا اظہار کیا جبکہ کچھ صارفین نے مرغیوں کو شکاری پرندوں سے محفوظ رکھنے کے طریقے بھی تجویز کیے۔

ماہرین کے مطابق اگر چیل بر وقت نہ ملتی تو اڑنے اور اپنا دفاع کرنے سے قاصر ہونے کے باعث کسی بڑے شکاری جانور کا نشانہ بن سکتی تھی۔

بشکریہ روزنامہ جنگ