ڈبلیو ڈبلیو ای اسٹار تھییا ہیل نے براہِ راست نشریات کے دوران سر کیوں منڈوایا؟

ڈبلیو ڈبلیو ای کی این ایکس ٹی اسٹار تھییا ہیل نے ایلوپیشیا کی تشخیص کے بعد ریسلنگ رنگ میں براہِ راست نشریات کے دوران اپنے بال منڈوا لیے اور اپنے اس عمل سے خود اعتمادی اور خود کو قبول کرنے کا پیغام دیا۔
23 سالہ تھییا ہیل کا اصل نام میڈیسن کنزلی ہے، انہوں نے جذباتی گفتگو کے دوران خواتین ریسلرز پر ظاہری شکل و صورت کے حوالے سے دباؤ کا ذکر کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ خواتین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ رنگ میں آنے سے پہلے ہر لحاظ سے بہترین دکھائی دیں۔
تھییا کے مطابق ایلوپیشیا ایریاٹا کی تشخیص کے بعد 4 ماہ سے بھی کم عرصے میں تقریباً 40 فیصد بال جھڑ گئے۔
ایلوپیشیا ایریاٹا ایک خودکار مدافعتی بیماری ہے جس میں بال جھڑنے لگتے ہیں۔
ہما قریشی نے اپنا سر منڈوا لیا، مداح حیران
خاتون ریسلر نے پہلی بار اگست 2026ء میں انسٹاگرام پر اپنی بیماری کے بارے میں بتایا تھا۔
تھییا نے کہا ہے کہ گزشتہ چند ماہ سے یہ سوچ کر پریشان میں تھی کہ آیا بال دوبارہ اگیں گے یا نہیں اور اگر تمام بال جھڑ گئے تو لوگ کس ردِعمل کا اظہار کریں گے، تاہم اس تجربے نے اپنی ظاہری شکل کے بجائے خود کو قبول کرنے کی اہمیت سمجھنے میں مدد دی۔
انہوں نے اپنی حریف ریسلر چینٹل منرو کو بھی جواب دیا، جنہوں نے این ایکس ٹی کے حالیہ پروگرامز میں ان کے بال جھڑنے کا مذاق اڑایا تھا۔
تھییا کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی اپنے رویے یا الفاظ سے اپنی بیماری پر شرمندہ کرنے کی اجازت نہیں دوں گی، میں تمہاری سنگ دلی کو اپنی ذات پر شرمندگی کا سبب نہیں بننے دوں گی۔
اپنی گفتگو کے اختتام پر تھییا نے کہا کہ بال ہوں یا نہ ہوں، میں وہی تھییا ہیل ہوں۔
اس کے بعد انہوں نے ریسلنگ رنگ میں ہیئر کلپرز کی مدد سے اپنا سر منڈوا لیا اور وہاں سے جاتے ہوئے خود کو ’گنجی اور خوبصورت‘ قرار دیا۔
ڈبلیو ڈبلیو ای کی جانب سے اس واقعے کی مختصر ویڈیو بھی شیئر کی گئی ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ