کراچی: انڈونیشیا میں بھارتی شہری بن کر پناہ مانگنے والا آسٹریلیا کا مسافر ایف آئی اے کی زیرِ تفتیش

کراچی میں ایف آئی اے امیگریشن حکام نے آسٹریلیا جانے والا مسافر سے تفتیش کا آغاز کر دیا۔
ترجمان وفاقی تحقیقاتی ادارے کے مطابق مسافر آسٹریلوی اہلیہ کے اسپانسر ویزے پر آسٹریلیا جا رہا تھا، تاہم امیگریشن ریکارڈ میں مسافر کی پاکستان سے روانگی کا کوئی اندراج نہیں ملا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ مذکورہ مسافر سے 2018ء کا یو این ایچ سی آر یکارڈ اور پناہ کی درخواست بھی برآمد ہوئی ہے جبکہ مسافر نے افغانستان کے راستے دبئی اور پھر بھارتی پاسپورٹ پر انڈونیشیا جانے کا بھی بتایا ہے۔
یہ بھی پڑھیے
ساہیوال: شہری کو بیرونِ ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر 10 لاکھ روپے لینے والے 3 ملزمان گرفتار
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ مذکورہ مسافر نے انڈونیشیا میں خود کو بھارتی شہری ظاہر کر کے پناہ کی درخواست دی تھی، جبکہ وطن واپسی کے بعد مسافر نے نیا پاکستانی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ بھی بنوایا، دوسری جانب مسافر کی اہلیہ اور ویزا اسپانسر کی شناختی دستاویزات میں بھی تضادات سامنے آئے ہیں۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق مسافر کو مزید تحقیقات کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل منتقل کر دیا گیا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ