جمعہ، 6 نومبر، 2026 · 27 جمادی الاول، 1448 ہجری

رانا ثناء اللّٰہ کبھی کبھی بہت سلجھی ہوئی بات کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

تازہ ترین
رانا ثناء اللّٰہ کبھی کبھی بہت سلجھی ہوئی بات کرتے ہیں: شوکت یوسفزئی

شوکت یوسفزئی— فائل فوٹو

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ رانا ثناء اللّٰہ کبھی کبھی بہت سلجھی ہوئی بات کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ ثبوت نہ ہوں تو الزام نہیں لگانا چاہیے، الزامات پر تو ہماری حکومت ہی ختم کر دی گئی۔

جیو نیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پارلیمنٹ میں ہم موجود ہیں، پارلیمانی کمیٹیوں میں ہمیں جانا چاہیے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ یہ پی ٹی آئی کو ختم کرنے کا ایجنڈا بھی ساتھ لائے ہیں، یہ کس کھاتے میں سڑکوں کا افتتاح کر رہے ہیں؟ نہیں سمجھتا کہ گورنر راج زیادہ مدت تک چل سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

پی ٹی آئی سے اس وقت مذاکرات نہیں ہو رہے، گورنر راج اپنے مقاصد کے حصول تک جاری رہے گا: رانا ثناء اللّٰہ

پارٹی کو اسپیس ملنی چاہئے، شوکت یوسفزئی

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے سیاسی اسپیس کہیں نہیں چھوڑا گیا، ہم سب کے خلاف تھری ایم او سمیت دیگر کیس ہیں، کل ہائی کورٹ کو بھی ہمارے کیسز سننے سے روک دیا گیا ہے، یہ افسوس ناک ہے۔

شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ ملاقات ہونا اچھی بات ہے، بانیٔ پی ٹی آئی کے کیسز سے متعلق مشاورت ہو جاتی ہے، پی ٹی آئی کو اپنے لیے راستہ خود ہی نکالنا پڑے گا، سیاسی اسپیس کسی کے سہارے نہیں ملے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہمارے زیادہ تر لیڈرز جیلوں میں ہیں، جو رہ گئے ہیں ان کے خلاف بھی کیسز ہیں، ہم نے مولانا فضل الرحمٰن کو کنٹینر پر آنے کی دعوت دی تھی، لگ یہی رہا ہے کہ حکومت اور جے یو آئی ف میں تھوڑی دیر کے لیے تلخیاں ہوں گی، پھر دھول بیٹھ جائے گی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اداروں کو اپنا کام کرنے دینا چاہیے، ہمیں سیاسی عمل سے دور نہیں ہونا چاہیے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ