بم دھمکیوں سے یورپ میں فضائی آپریشن متاثر، برطانیہ کے دو بڑے ایئرپورٹس بھی نشانے پر

یورپ بھر میں بم کی متعدد اطلاعات کے باعث کم از کم 12 پروازیں متاثر، کئی طیاروں کا رخ تبدیل کر دیا گیا، برطانیہ کے ہیتھرو اور برمنگھم ایئرپورٹس کو موصول بم کی دھمکیاں حکام نے غیر معتبر قرار دیدیں۔
ذرائع کے مطابق جمعرات کے روز یورپ کے مختلف ممالک سے آنے اور جانے والی پروازوں کو بم دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا، متاثرہ پروازوں میں کوپن ہیگن، ہیلسنکی، میڈرڈ، میلان اور وارسا سے متعلق فضائی سروسز بھی شامل تھیں۔
برطانوی ایئرلائن ایزی جیٹ نے تصدیق کی کہ نیوکاسل اور گلاسگو سے روانہ ہونے والی اس کی دو پروازیں جمہوریہ چیک کے دارالحکومت پراگ پہنچنے پر پولیس کی نگرانی میں لی گئیں۔
ایئرلائن کے مطابق یہ اقدام سیکیورٹی سے متعلق ایک معاملے کے پیشِ نظر احتیاطی تدبیر کے طور پر کیا گیا، تاہم دونوں طیاروں سے مسافر معمول کے مطابق اتر گئے۔
دوسری جانب آئرلینڈ کے ڈبلن ایئرپورٹ سے اٹلی کے شہر روم جانے والی ایک پرواز کا رخ فرانس کے ایک فوجی ہوائی اڈے کی جانب موڑ دیا گیا، طیارے کی مکمل تلاشی لی گئی، تاہم کوئی مشکوک یا تشویش ناک چیز نہیں ملی۔
ذرائع کے مطابق ہیتھرو اور برمنگھم ایئرپورٹس پر دھمکیوں کے باوجود فضائی آپریشن معمول کے مطابق جاری رہا۔
یورپ کے مختلف ہوائی اڈوں پر پیش آنے والے ان واقعات کے بعد سیکیورٹی اقدامات مزید سخت کر دیے گئے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ