ویانا: بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیر کے حق میں احتجاجی مظاہرہ

آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کارل پلاٹس، اوپرا کے قریب چیئرمین کشمیر فریڈم فرنٹ آسٹریا پروفیسر ملک شوکت اعوان کی زیرِ قیادت کشمیر کے حق میں ایک پُرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔
مظاہرے کا آغاز حاجی رانا محمد ادریس کی تلاوتِ قرآن پاک سے ہوا، جس میں پاکستانی کمیونٹی نے بھرپور شرکت کی۔
مظاہرین نے پاکستان اور کشمیر کے پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ بینرز پر بھارت اور مودی حکومت کے خلاف نعرے درج تھے۔
ویانا میں یومِ استحصالِ کشمیر پر خصوصی دعائیہ تقریب، پاکستان کی کشمیر پالیسی کی حمایت
اس موقع پر پروفیسر ملک شوکت اعوان، سید اظہر شاہ، حاجی رانا محمد ادریس اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی۔
مقررین نے اقوامِ متحدہ سے مطالبہ کیا کہ کشمیر سے متعلق اپنی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے جبکہ یورپی یونین بھارتی حکومت کی جانب سے انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو ان کا حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔
مظاہرین نے کشمیر بنے گا پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے بھی لگائے۔
احتجاج کے دوران مقامی پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے تھے۔
مظاہرے کے اختتام پر حاجی رانا محمد ادریس نے تمام شرکاء کے ہمراہ اجتماعی دعا میں امت مسلمہ، فلسطین و کشمیر کے لیے خصوصی دعائیں کروائیں۔
بشکریہ روزنامہ جنگ