پیر، 2 نومبر، 2026 · 23 جمادی الاول، 1448 ہجری

سائنسدانوں کا پہلی بار شفاف سر والی نایاب مچھلی کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کا انکشاف

تازہ ترین
سائنسدانوں کا پہلی بار شفاف سر والی نایاب مچھلی کی ویڈیو ریکارڈ کرنے کا انکشاف

سمندر کی گہرائیوں میں پائی جانے والی شفاف سر اور سبز آنکھوں والی نایاب مچھلی کی پہلی بار ویڈیو ریکارڈ کر لی گئی۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب مونٹیری کینین سے تقریباً 55 میل دور بحرالکاہل میں تحقیقی مہم کے دوران سائنس دانوں نے اس مچھلی کو دیکھا اور 20 منٹ تک اس کی ویڈیو بنائی۔

یہ مچھلی سمندر کی سطح سے تقریباً 1970 فٹ گہرائی میں موجود تھی۔

سائنس دانوں نے اسے تحقیقی جہاز ڈیوڈ پیکارڈ سے چلنے والی بغیر انسان کے زیرِ آب گاڑی ڈاکٹر رِکٹس کی مدد سے دریافت کیا۔

سائنسدانوں کے مطابق بیری آئی کے نام سے مشہور اس مچھلی کا سائنسی نام میکروپِنا مائیکروسٹوما ہے، اس کی لمبائی تقریباً 6 انچ ہے اور یہ سمندر کی 2000 سے 2600 فٹ گہرائی میں رہتی ہے۔

الاسکا، برفیلے سمندر کی گہرائیوں سے نایاب مچھلی دریافت

اس مچھلی کی سب سے نمایاں خصوصیت اس کا شفاف سر ہے جس کے اندر موجود سبز آنکھیں باہر سے بھی دکھائی دیتی ہیں، گہرے سمندر میں رہنے کے باعث اسے دیکھنا انتہائی مشکل ہے، سمندری تحقیق کے 40 سال کے دوران مونٹیری بے ایکویریم ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سائنس دان اسے صرف 10 مرتبہ دیکھ سکے تھے۔

تحقیقی مہم کے سربراہ سائنس دان اسٹیون ہیڈاک کا کہنا ہے کہ ماضی میں جال کے ذریعے پکڑی جانے والی اس مچھلی کے نمونوں کی تصاویر میں اکثر اس کے سر پر موجود شفاف جھلی دکھائی نہیں دیتی تھی جس کی وجہ سے اس کی اصل شناخت مشکل ہو جاتی تھی۔

سائنس دانوں کے مطابق اس بار مچھلی کو اس کے قدرتی ماحول میں شفاف سر کے ساتھ زندہ دیکھنا اور ہائی ڈیفینیشن ویڈیو ریکارڈ کرنا ایک غیر معمولی کامیابی ہے۔

بشکریہ روزنامہ جنگ