بھارت: ووٹر فہرستوں میں مبینہ دھاندلی کیخلاف اپوزیشن کا ’جمہوریت بچاؤ‘ احتجاجی مارچ

بھارت میں انتخابی فہرستوں میں مبینہ دھاندلی اور متنازع تبدیلیوں کے خلاف اپوزیشن اتحاد کی جانب سے ’جمہوریت بچاؤ‘ احتجاجی مارچ کا انعقاد کیا جا رہا ہے، کانگریس رہنما راہول گاندھی مارچ کی قیادت کر رہے ہیں۔
خبر ایجنسی کے مطابق احتجاجی ریلی نئی دہلی کے وسطی علاقے سے ہوتی ہوئی رام لیلا میدان پہنچے گی، جس میں اپوزیشن جماعتوں، طلبہ تنظیموں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی، اپوزیشن اتحاد نے ریلی میں لاکھوں افراد کی شرکت متوقع قرار دی ہے۔
ریلی کے اختتام پر رام لیلا میدان میں اپوزیشن کا جلسہ بھی ہوگا، جس میں چیف الیکشن کمشنر گنیش کمار سے استعفے کا مطالبہ کیا جائے گا۔
احتجاج کے پیش نظر نئی دہلی میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، رام لیلا میدان کے اطراف بڑی تعداد میں بھارتی سیکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ پولیس اہلکار لاٹھیوں اور ڈھالوں سے لیس ہیں۔
واضح رہے کہ بھارت میں ووٹر فہرستوں میں مبینہ متنازع تبدیلیوں کے خلاف گزشتہ ماہ سے اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا جارہا ہے۔
بشکریہ روزنامہ جنگ