ہفتہ، 31 اکتوبر، 2026 · 21 جمادی الاول، 1448 ہجری

اپنی انگلیوں پر چلنے والا منفرد روبوٹک ہاتھ تیار

تازہ ترین
اپنی انگلیوں پر چلنے والا منفرد روبوٹک ہاتھ تیار

سوئٹرز لینڈ کی سافٹ روبوٹکس لیب کے محققین نے منفرد روبوٹک ہاتھ تیار کیا ہے۔

ای ٹی ایچ زیورخ نامی سافٹ روبوٹکس لیب نے جو روبوٹک ہاتھ تیار کیا ہے وہ بغیر کسی بیرونی مدد کے اپنی انگلیوں پر چلنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

اس روبوٹک ہاتھ کا موازنہ مشہور پاپ کلچر کردار تھنگ سے کیا جا رہا ہے، محققین نے روبوٹ کو چلنا سکھانے کے لیے روایتی پروگرامنگ کے بجائے’مشین لرننگ‘ اور کمپیوٹر سیمولیشن کا استعمال کیا تاکہ وہ خود توازن برقرار رکھنا اور اپنی انگلیوں میں آہنگی پیدا کرنا سیکھ سکے۔

یہ روبوٹ نہ صرف مختلف سطحوں پر چل سکتا ہے بلکہ گرنے کے بعد خود اٹھنے، چیزوں کو دھکیلنے اور کی بورڈ استعمال کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

اس تحقیق کا بنیادی مقصد روبوٹس کو مزید موافق بنانا ہے تاکہ چھوٹے اور لچکدار روبوٹس کو تنگ یا تباہ حال امدادی جگہوں پر استعمال کیا جا سکے۔

لیب کے ڈاکٹریٹ کے طالبعلم امیر حسین کاظمی کا بتانا ہے کہ بغیر کسی بیرونی مدد کے چلنے کی صلاحیت اس روبوٹک ہاتھ کو منفرد بناتی ہے۔

جاری کردہ ویڈیو میں بتایا گیا کہ ’ایک روبوٹک ہاتھ کو چلانا درحقیقت کافی مشکل کام ہے، کیونکہ اس کی تمام انگلیاں ایک جیسی نہیں ہوتیں، اس لیے توازن برقرار رکھتے ہوئے اسے اپنی تمام انگلیوں کے درمیان آہنگی پیدا کرنا سیکھنا پڑتا ہے۔‘

ای ٹی ایچ زیورخ کے اسسٹنٹ پروفیسر رابرٹ کاٹس مین نے کہا کہ ’یہ دیکھنے میں قدرے خوفناک لگ سکتا ہے، لیکن مجھے لگتا ہے کہ اس میں درحقیقت ایک کافی اہم سبق چھپا ہے، ہم مختلف مقاصد کے لیے روبوٹس بنا سکتے ہیں۔ ایک بڑا روبوٹ ایک خاص جگہ پر جا سکتا ہے، جبکہ ایک چھوٹا ہاتھ بالکل مختلف جگہ پر جا سکتا ہے جو شاید زیادہ تنگ اور تباہ کاریوں سے متاثرہ جگہ ہو سکتی ہے‘۔

بشکریہ روزنامہ جنگ