پنجاب کے وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کا کہنا ہےکہ 560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام پر عملدرآمد کیلئے مانیٹرنگ یونٹ بنایا جائے گا، محکموں کو 31 جولائی تک غیر منظور شدہ اسکیموں کو منظور کرانے کی ہدایت کر دی ہے، اسکیموں کا مکمل ٹائم فریم مرتب کیا جائے گا۔
اپنے ایک بیان میں سردارعثمان بزدار نے کہاکہ 560 ارب روپے کا ایک روپیہ بھی لیپس نہیں ہونے دیں گے، سالانہ ترقیاتی پروگرام کے فنڈز کا بَروقت اور شفاف استعمال ہر صورت یقینی بنائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ وہ تاریخ ساز ترقیاتی پروگرام کی ذاتی مانیٹرنگ کریں گے، محکمے اسکیموں پر عملدرآمد کیلئے جامع روڈمیپ مرتب کرکے تیزی سے آگے بڑھیں گے،اسکیموں کےتھرڈ پارٹی آڈٹ کیلئے مؤثر میکانزم تشکیل دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ محنت اوراخلاص کے ساتھ عوامی خدمت کا سفر جاری رکھے ہوئے ہیں، اپوزیشن نہیں چاہتی کہ پاکستان ترقی وخوشحالی کی منزل طے کرے، اپوزیشن ٹولہ مستحکم ہوتی معیشت کو نقصان پہنچانے کے درپے ہے۔
عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں انتشار پھیلا کر ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہیں، بدقسمتی سے اپوزیشن نے قومی مفادات کو پس پشت ڈالا ہوا ہے، عوام منفی سیاست کی بجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں، سازشیں کرنے والے پہلے بھی ناکام رہے اورآئندہ بھی ناکام رہیں گے۔
Comments are closed.