اتوار 19؍شعبان المعظم 1444ھ12؍مارچ 2023ء

56 کمپنیوں کو خلاف ضابطہ لائسنس دے کر خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچایا گیا، پنجاب کابینہ

پنجاب کی نگراں حکومت نے سابقہ دور حکومت کے خلاف ضابطہ نمک کی کان کنی کےلیے جاری کردہ لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور میں وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس ہوا، جس میں اہم فیصلے کرلیے گئے۔

اجلاس میں میٹرو ٹرین اور میٹرو بس پر سفر کرنے والے طلبہ کےلیے مفت سفر کی سہولت کی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں سابق دور میں خلاف ضابطہ نمک کی کان کنی کےلیے جاری لائسنس منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

کابینہ نے دوران اجلاس مؤقف اختیار کیا کہ 56 کمپنیوں کو خلاف ضابطہ لائسنس دینے سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

کابینہ نے مزید کہا کہ بغیر بڈنگ اور اوپن آکشن کے ذریعے من پسند کمپنیوں کو لائسنس جاری کیے گئے۔

صوبائی کابینہ نے اس موقع پر کان کنی کےلیے لائسنس جاری کرنے کا عمل شفاف بنانے کےلیے اقدامات کی منظوری دی۔

کابینہ اجلاس میں کہا گیا کہ لائسنس کا اجراء اوپن آکشن کے ذریعے ہوگا، اس موقع پر نئی ترمیم شدہ راک سالٹ پالیسی کی منظوری دی گئی۔

کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی انرجی کنزرویشن پالیسی ک تحت انرجی سیونگ کےلیے اقدامات کی ہدایت کی۔

صوبائی کابینہ نے سیکریٹریز سے بجلی کے استعمال سے متعلق رپورٹ طلب کی اور کابینہ سول سیکریٹریٹ اور دیگر محکموں کو پیپرلیس کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے جامع پلان بنانے کی ہدایت کی اور سمریز کو کم سے کم وقت نمٹانے پر بات کی۔

نگراں کابینہ نے سرکاری جامعات میں وائس چانسلرز، پرو وائس چانسلرز کے خالی عہدوں پر الیکشن کمیشن کی اجازت سے تقرریوں کی مشروط منظوری دی گئی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کے پالیسی اینڈ اسٹریٹجک پلاننگ یونٹ کے ملازمین کے کنٹریکٹ میں توسیع دی جائے۔

دوران اجلاس چیف ایگزیکٹو آفیسر آب پاک اتھارٹی سید زاہد عزیز کے استعفیٰ کی منظوری دی گئی۔

کابینہ اجلاس میں سیلاب سے دریاؤں اور نالوں کو پہنچنے والے نقصانات کی تعمیر، مرمت اور بحالی کےلیے ضمنی گرانٹ کے اجراء کی منظوری دی گئی۔

صوبائی کابینہ اجلاس میں پنجاب پروٹیکٹڈ ایریاز ایکٹ 2020 کے تحت7 نیشنل پارکس کی توثیق کی گئی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.