مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پچھلے 3 سال جس طرح ایوان چلا ہے اس کی عزت میں اضافہ نہیں ہوا۔
قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے اسپیکر سے مخاطب ہوتے ہوئے کہاکہ ایوان کی عزت و توقیر کی ذمے داری سب سے زیادہ آپ پر آتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایوان خوش اسلوبی سے چلانے کی سب سے زیادہ ذمے داری حکومتی جماعت پر ہوتی ہے، رولز فالو کیئے جاتے تو ایوان اور کرسی کا وقار بلند ہوتا۔
نون لیگی رہنما نے کہا کہ ملک کے اندرونی اور بیرونی مسائل پر ٹھوس بحث نہیں ہوئی، ہاؤس میں ہنگامہ ہوتا ہے، کتابیں چلتی ہیں تو عوام کا سر شرم سے جھک جاتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن اپنی ذمے داری ادا کرنے کو تیار ہے، ہماری سرحدوں کے پار حالات بگڑ گئے تو اس کابراہِ راست اثر ہمارے ملک پر پڑے گا۔
خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ حکومت اپنے رویے میں تبدیلی لائے، خدارا اس ایوان کو رولز کے مطابق چلائیں، آج قریشی صاحب نے ہماری بات مان لی، اگر پہلے یہ رویہ ہوتا تو کیا برا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہاں کس جمہوری روایات کا مظہر ہیں، میں نہیں کہتا کہ پچھلی اسمبلیاں آئیڈیل تھیں، اس ملک کی بنیاد جمہوریت پر رکھی گئی ہے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ حکومت کے پاس ابھی 2 سال باقی ہیں، یہاں جمہوری کلچر کو فروغ دیں۔
Comments are closed.