جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس: 6 ملزمان کے نا قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل ریفرنس میں مرزا شہزاد اکبر، ضیاء المصطفیٰ نسیم، زلفی بخاری اور فرحت شہزادی سمیت 6 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس کی آج کی سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا، جس میں کہا گیا کہ بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو آج اڈیالہ جیل میں قائم احتساب عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

سابق معاون خصوصی مرزا شہزاد اکبر کے خلاف اسلام آباد کے تھانا سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج ہے۔

حکمنامے میں کہا گیا کہ سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل آئندہ سماعت پر بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو احتساب عدالت میں پیش کریں۔

عدالت کے حکمنامے میں کہا گیا کہ رجسٹرار کی جانب سے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل کی اسکروٹنی مکمل کرلی گئی، عدالت ریفرنس ٹرائل کیلئے منظور کرتی ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے علاوہ 6 ملزمان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔

وزارت قانون کے نوٹیفکیشن کے مطابق 190ملین پاؤنڈز ریفرنس کا ٹرائل اڈیالہ جیل میں کیا جائے گا، ریفرنس کی آئندہ سماعت 6 دسمبر کو ہوگی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.