سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ 18ویں آئینی ترمیم وفاق اور صوبوں کے درمیان میثاق ہے۔
آصف علی زرداری نے یومِ دستور پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 10 اپریل 1973ء کو شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ دستور دیا، آج کے دن پارلیمنٹ نے متفقہ دستور پاس کیا تھا۔
اُنہوں نے کہا کہ 1973ء کا آئین وفاق اور اکائیوں میں مضبوط بندھن ہے، 1973ء کا آئین مذہبی آزادیوں کی ضمانت دیتا ہے، 1973ء کا آئین انسانی آزادی اور اظہارِ رائے کے حق کی آزادی دیتا ہے۔
آصف زرداری نے یہ بھی کہا کہ آمروں نے اپنے غیراخلاقی اقتدار کو طول دینے کے لیے آئین کو مسخ کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے آئین بحالی کے لیے اپنی زندگی قربان کی۔
آصف زرداری نے کہا کہ آج 18ویں آئینی ترمیم کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں، 18 ویں آئینی ترمیم کے خلاف سازشیں کرنے والے وفاق کی سالمیت سے کھیل رہے ہیں۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ ملک کی تمام جمہوری قوتیں 18 ویں آئینی ترمیم کی حفاظت کریں گی۔
Comments are closed.