وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی اور اتحادیوں نے کم از کم 172 لوگ شو کرنے ہیں یہ 171 بھی ہوں گے تو اسمبلی تحلیل کی طرف چلی جائے گی، پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مختلف وجوہات کی بنا پر 4 ارکان ابھی نہیں پہنچے، حکومت نے ایوان میں سادہ اکثریت کے کم از کم لوگ پروڈیوس کرنے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام نیا پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ ہمیں نہیں پتا کہ مخالف امیدوار کو ووٹ دینے والے ہمارے 16 ارکان کون ہیں، وزیراعظم نے 16 ارکان کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی بات نہیں کی۔
فواد چوہدری نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن کی اپنی کوئی حیثیت نہیں وہ قومی اسمبلی کے ممبر نہیں ہیں، عمران خان جیسے لیڈر ہی اس طرح کے جراتمندانہ فیصلہ کر سکتے ہیں، پی ڈی ایم والے ایسا سوچ بھی نہیں سکتے۔
انہوں نے کہا کہ خاتون امیدوار کی نشست پر 174 ووٹ لیے ہمیں اعتماد کے ووٹ کی ضرورت نہیں تھی، عمران خان نے کہا کہ دوسری سیٹ پر ہمیں 172 سے کم ووٹ ملے ہیں، عمران خان نے کہا کہ تلوار کی نوک پر جمہوریت نہیں ہوتی یہ اخلاقی طاقت ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پہلے بھی پارٹی کے 20 ارکان کو نکالا، علی زیدی نے کسی رکن کا نام نہیں دیا انھوں نے کہا کہ انھیں اندازہ ہے۔
علی زیدی نے اگر وزیراعظم کو کوئی نام دیے ہیں تو اس کا مجھے علم نہیں، اگر بیلٹ پیپر قابل شناخت نہیں تو پھر باقی تو قیاس آرائی ہے، ہمارے پاس ثبوت نہیں کہ کونسے لوگ ہیں جنھوں نے ووٹ کے پیسے لیے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہماری خاتون امیدوار کو 174 ووٹ ملے ہیں اور پانچ مسترد ہوئے جو ہمارے مکمل نمبرز ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویڈیو اور آڈیو سے متعلق الیکشن کمیشن فیصلہ کرے کہ کیا حقیقت ہے، ہماری توجہ اس وقت اعتماد کے ووٹ پر ہے، ویڈیو میں چار لوگ کون ہیں ابھی ہمیں نہیں پتا، الیکشن کمیشن کی اس بات سے اتفاق نہیں کرتا کہ وقت نہیں تھا، ہمارا موقف ہے کہ الیکشن کمیشن کو مضبوط ادارہ ہونا چاہیے۔
Comments are closed.