چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور ان کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے اپنی والدہ کی 16ویں برسی کے موقع پر اسے تاریخ کا سیاہ دن قرار دیتے ہوئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو سلام پیش کر دیا۔
شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے بڑے صاحبزادے بلاول بھٹو زرداری نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ میری والدہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو عوام کی چیمپئن تھیں۔ انہوں نے مسلسل غریبوں، مظلوموں، پسماندہ افراد کی زندگی اور عزت و وقار کے لیے جد وجہد کی۔ وہ ہمیشہ آمریت کے خلاف، ان کے ظلم و بربریت اور دہشت گردوں کے وحشیانہ تشدد کے سامنے ثابت قدم رہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی محبت، ہمدردی اور بہادری کی میراث آج بھی میرے لیے مشعل راہ ہے، جس کی مجھے ضرورت ہے، 16 برس بیتنے کے باوجود یہ مشعل مدھم نہیں ہوئی‘۔
شہید محترمہ بے نظیر کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے بھی اپنی والدہ کو ان کے یوم شہادت پر یاد کرتے ہوئے انصاف کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اپنی والدہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی پر 2007 کے اس سیاہ دن کو یاد کرتے ہوئے آج 16برس گزر چکے ہیں، پھر بھی ان کو کھونے کا درد آج بھی یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وقت تھم گیا ہو۔ ان کی ہنسی، نصیحت اور پیار بھری آغوش ہر روز یاد آتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ ان کے جانے کا غم ایک ایسا خلا پیدا کرگیا ہے جسے وقت کبھی نہیں بھر سکتا، یہ غم اپنے پیچھے ایک ایسا گھر چھوڑ گیا ہے جو پھر کبھی پہلے جیسا نہیں ہوگا۔
انہوں نے مزید لکھا کہ آج 16 برس ہوگئے ہیں جب عوام نے اپنا مضبوط وکیل کھو دیا ہے، جب وہ ایک ایسی آواز سے محروم ہوگئے جو نفرت، لالچ اور جبر کے ہاتھوں خاموش کروائے جانے والے مظلوموں کے حق میں بلند ہوا کرتی تھی۔ 16 برس گزر گئے اور ہم آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔
ان دونوں نے اپنے پیغام کے ساتھ سلام بےنظیر کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔
واضح رہے کہ آج شہید بے نظیر بھٹو کی سولہویں برسی منائی جا رہی ہے۔
Comments are closed.