پاکستان اور سری لنکا کے کھلاڑیوں کی جیت کے لیے بھرپور کوششیں پہلے ٹیسٹ میچ کو پانچویں دن تک کھینچ لائیں اور اب پاکستان کو میچ کے آخری روز مزید 120 رنز درکار ہیں جبکہ سری لنکا کو جیتنے کے لیے7 پاکستانی کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنا ہوگا۔
گال ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کھیل کے اختتام تک قومی ٹیم نے 342 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنالئے۔ عبداللّٰہ شفیق 112 اور محمد رضوان 7 رنز پر ناٹ آؤٹ ہیں۔
عبداللّٰہ شفیق اور محمد رضوان کے بعد پاکستان کے پاس آغا سلمان، محمد نواز، یاسر شاہ، حسن علی، شاہین شاہ اور نسیم شاہ کی صورت میں بیٹرز موجود ہیں۔
اس ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں سری لنکا نے 222 رنز بنائے تھے جس کے جواب میں پاکستان نے 218 رنز اسکور کئے۔ دوسری اننگز میں سری لنکا کی ٹیم 337 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ یوں پاکستان کو جیت کے لیے 342 رنز کا ہدف ملا۔
پاکستان کی جانب سے پہلی اننگز میں سب سے زیادہ 119 رنز کپتان بابر اعظم نے اسکور کئے تھے۔
Comments are closed.