پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سندھ کے صدر نثار کھوڑو نے کہا ہے کہ فی الحال میئر کراچی کے نام کا فیصلہ نہیں ہوا، 11 یونین کمیٹیوں میں انتخابات ہونا باقی ہیں بعد میں میئر کا انتخاب ہوگا۔
کراچی میں الیکشن کمیشن کے صوبائی دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو میں نثار کھوڑو نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کا ایوان مکمل ہونے اور حلف برداری کے بعد میئر ڈپٹی میئر کا انتخاب ہونا ہے۔ اب بھی 11 نشستوں پر الیکشن ہونے ہیں، خالی نشستوں اور مخصوص نشستوں پر انتخاب اور حلف برداری کے بعد میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے ووٹرز نے باہر نکل کر پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو ووٹ دیا ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے ووٹرز باہر نہیں نکلے۔
نثار کھوڑو نے کہا کہ اب پی ٹی آئی کو چاہیے کہ جماعت اسلامی کو کہے ان کا ووٹ جماعت اسلامی نے چھین لیا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا کراچی میں دو ڈویژن بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اس طرح کی باتوں میں صداقت نہیں، سندھ لوکل گورنمنٹ سسٹم میں ایک میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا ذکر ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی کے میئر کے نام سے متعلق ابھی فیصلے کا وقت نہیں ہے۔
Comments are closed.