مسلم لیگ نون کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ نون لیگ کی جدوجہد ہے کہ اب کوئی عمران خان کی طرح مہرہ بن کر سامنے نہ آسکے، ایسی جمہوریت سے عوام کو ہمیشہ کےلیے نجات ملے، یہ ملک کی اہم ترین تقرریاں جادوٹونے سےکرتے ہیں،وزیراعظم کی بجائے جنات تقرریاں یا طوطا فال نکالتے ہوں توتماشا بننا حیرانگی کی بات نہیں ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نہ وزیراعظم کے اختیارات کا مسئلہ ہے نہ جمہوری اصولوں کا، عمران خان اپنی ذات اور حکومت کو مزید چند دن مہلت دینا چاہتےہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو ووٹ کی عزت یاد آگئی ہے، وہ نواز شریف بننے کی کوشش بھی نہ کریں، شیر کی کھال پہن لینے سے کوئی شیر نہیں بن جاتا۔
نون لیگ کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان آئینی وزیراعظم نہیں ہیں،اتنا ہی جادوٹونا کامیاب ہے تو عوام کی بھلائی کے لیےاستعمال کیوں نہیں کرتے؟کیا قوم کوبےوقوف سمجھ رکھا ہے؟ عمران خان کو نوازشریف بننے کی کوشش بھی نہیں کرنی چاہیے۔
مریم نواز نے کہا کہ نوازشریف منتخب وزیراعظم تھے، عوام کے ووٹ سے آئے تھے،عمران خان کی سیاسی پہچان کیا ہے، سیاسی تشخص کیا ہے؟ عمران خان کی پہچان منتخب وزیراعظم کے خلاف سازش کرنا اور126 دن کا دھرنا دینا ہے۔
ان کاکہنا تھا کہ عمران خان کا اصول، جمہوریت سے کوئی لینا دینا نہیں،انہیں اپنی سازشوں کا جواب دینا ہوگا،عمران خان کوسیاسی شہید بننے نہیں دیں گے، جنتر منتر اتنا کامیاب ہے تو پیٹرول، ڈیزل، آٹا، سستا کریں،اس وقت ملک میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان آئینی اورمنتخب وزیراعظم نہیں وہ آئین کے مجرم ہیں،نوکری اورچاکری کرنے والے کوصرف نوکری اورچوکری کرنی چاہیے نوازشریف نہیں بننا چاہیے، نون لیگ کی جدوجہد عمران خان جیسے شخص کے خلاف ہے۔
لیگی نائب صدر کا کہنا تھا کہ جب آپ جنات کے ذریعےیہ سب کریں تویہ ہی ہوگا،اگریہ ہی طریقہ رہا توملک کا اللہ ہی حافظ ہے،جنات کچھ اورکہہ رہے ہیں اورآپ کا حساب کچھ اور ایسے لوگوں پرہنسی آتی ہے۔
ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہاکہ پی ڈی ایم میں شامل کسی جماعت میں اختلاف نہیں،فائنل فیصلے کا انتظار ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد ہائیکورٹ آمد کے موقع پر مریم نواز نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل میں پیش ہوئی ہیں، اپنی درخواست میں کھول کھول کرتمام چیزیں بیان کردی ہیں۔
مریم نواز نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں کہاکہ سوال آپ لوگ کرتے ہیں اور نیب میرے خلاف چارج شیٹ بنادیتا ہے،نیب کہتا ہے کہ میں یہاں آکر سلام کیوں کرتی ہوں؟
لیگی نائب صدر نے کہا کہ نیب نے میری ضمانت منسوخی کی درخواست دی ہے،ضمانت منسوخی کی درخواست دینے والے نیب میں میرا ہمدرد کون ہے، دیکھنا چاہتی ہوں، درخواست دینے والے شخص کا چہرہ قوم کودکھانا چاہیے،درخواست دینے والے شخص کو21 نہیں 22 توپوں کی سلامی دینی چاہیے۔
مریم نواز نے کہاکہ نوازشریف نے کہہ دیا تھا کہ اس نے اپنا مقدمہ اللّٰہ پر چھوڑ دیا ہے، انہوں نے کہا کہ میں نہ گرفتاری سے ڈرتی ہوں نہ جعلی مقدمے سے ڈرتی ہوں،ضمانت منسوخ کریں، گرفتار کریں تاکہ لوگوں کوپتہ چلے کہ آپ کتنا ڈرتے ہیں۔
Comments are closed.