بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

یہ الیکشن نہیں، ووٹ چوروں کے خلاف جاری جنگ ہے، مریم نواز

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن نہیں، ووٹ چوروں کے خلاف جاری جنگ ہے، ہماری جنگ تمھارے ساتھ نہیں، تم تو لے پالک بچے ہو،  تابعدار بندے نے عوام کی خدمت نہیں کی، سلیکٹرز کی خدمت میں لگ گیا۔

سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں انتخابی جسلے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ خواجہ آصف نے کہا تھا ’کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے‘۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ خواجہ آصف کو نواز شریف کا ساتھ نہ چھوڑنے کی سزا مل رہی ہے، خواجہ آصف نے جو ایوان میں کہا تھا وہ آج پورا پاکستان کہہ رہا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ عوام مہنگائی کی شکایت کریں تو وہ کہتا ہے کہ خرچے کم کریں، عمران خان کے آگے آٹا چور، پیچھے بجلی چور، دائیں چینی چور، بائیں گیس چور اور نیچے اے ٹی ایم مشینیں ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ پچاس لاکھ گھر اور ایک کروڑ نوکریوں سے اب وہ انڈے، مرغی اور کٹے پر آگیا، عوام بتائیں کسی کو انڈا، مرغی یا کٹّا ملا؟ جس کے پاس کٹّا تھا وہ مرغی پر آگیا، جس کے پاس مرغی تھی وہ انڈے پر آگیا، جس کے پاس انڈے تھے وہ فاقوں پر آگیا ہے۔

 مریم نواز نے کہا کہ شہباز شریف نے پنجاب میں ’’پکیاں سڑکاں اور سوکھے پینڈے‘‘ بنائے، عمران خان ایسا آیا کہ پنجاب کے عوام کہہ رہے ہیں، ’’ٹوٹیاں سڑکاں تے اوکھے پینڈے‘‘،  انہوں نے جو میٹرو بنائی، وہ چلتی کم اور جلتی زیادہ ہے،  آج پنجاب شہباز شریف کو یاد کر رہا ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.