
پہلی انٹرنیشنل ٹیپ بال چیمپئن شپ یو اے ای کی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑی مزمل کاموکی کی کپتانی میں جیت لی۔
شارجہ میں کھیلی جانے والی انٹرنیشنل ٹیپ بال چیمپئن شپ کے فائنل میں یو اے ای کی ٹیم نے سعودی عرب کی براق الیون کو 24 رنز سے شکست دی۔
ناقابل شکست یو اے ای کی ٹیم نے اُمیدوں پر پورا اُترتے ہوئے فائنل میچ اپنے نام کیا، یو اے ای کی ٹیم نے مقررہ چھ اوورز میں 78 رنز بنائے، زین 27 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔
جواب میں سعودی عرب کی ٹیم براق 6 وکٹوں پر صرف 53 رنز ہی بنا سکی۔
قادر کشمیری نے عمدہ بولنگ کی بدولت یو اے ای کی ٹیم کیلئے دو وکٹیں حاصل کیں۔
جیتنے والی ٹیم کو 20،000 درہم کی انعامی رقم ملی جبکہ رنرز اپ کو 10،000 درہم دیے گئے۔
اس ٹورنامنٹ میں پہلی مرتبہ پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، پاکستان ٹیم نے بھارت کو 44 رنز سے شکست دی لیکن وہ ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں سعودی عرب کی ٹیم براق الیون سے ہار گئی۔
پاکستان کے نامور کھلاڑیوں نے اس ٹیپ بال ایونٹ میں حصہ لیا جس میں تیمور مرزا، خرم چکوال، ظہیر کالیا اور دیگر شامل تھے۔
بھارت سے ٹیپ بال کرکٹ کے سپر اسٹارز کرشنا ساتپوت اور بنٹی پٹیل بھی پہلی انٹرنیشنل ٹیپ بال چیمپئن شپ میں ایکشن میں نظر آئے۔
Comments are closed.