یورپی یونین، بیلجیئم اور لکسمبرگ میں پاکستان کے سفیر ظہیر اے جنجوعہ نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ ساتویں آن لائن کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔
اس موقع پر سفیر پاکستان نے شرکاء کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 5 بیلجیئن کوہ پیماؤں کا ایک گروپ سفارتخانہ پاکستان کی معاونت سے اس وقت اپنی کوہ پیمائی مہم پر پاکستان میں موجود ہے۔ انہوں نے بیلجیئن کوہ پیماؤں کو دنیا کی دوسری اور 12 ویں بلند ترین چوٹیوں کے ٹو اور براڈ پیک کو کامیابی کے ساتھ سر کر نے پر مبارکباد دی۔
سفیر پاکستان نے کہا کہ مقامی حکام کی جانب سے پابندیوں میں نرمی کی وجہ سے 14 اگست کو یوم آزادی کی تقریب سفارت خانے ہی میں منعقد کی جائے گی۔ بیلجیم اور لکسمبرگ میں مقیم تمام پاکستانی رجسٹریشن کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کرسکتے ہیں۔
سفیر پاکستان نے بیلجیم اور لکسمبرگ میں حالیہ تباہ کن سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے ہلاک شدگان اور ان کے پسماندگان سے حکومت پاکستان اور اپنی جانب سے دلی تعزیت کی اور متاثرین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے پاکستانی کمیونٹی ممبران کو سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کی تلقین بھی کی۔
سفیرپاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وہیکل گفٹ اسکیم سمیت حکومت پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو دعوت دی کہ وہ ملک کے مختلف اداروں میں دستیاب اعلیٰ پیشہ ورانہ آسامیوں کے لیے درخواست دیں اور ملکی ترقی میں کردار ادا کریں۔
تقریب کا اہتمام وزیر اعظم عمران خان کے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کمیونٹی کے ساتھ قریبی رابطے کو برقرار رکھنے کے وژن کی مناسبت سے کیا گیا تھا۔ تاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بلا تعطل خدمات کی فراہمی ممکن بنائی جا سکے۔
ورچوئل کچہری میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے کمیونٹی ممبران نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جن میں ماہرین تعلیم، کاروباری شخصیات، سماجی خدمات سے وابستہ افراد اور میڈیا کے نمائندے شامل تھے۔ کمیونٹی ممبران نے سفارتخانے کی کوششوں اور موثر قونصلر خدمات کی فراہمی کو سراہا۔
Comments are closed.