جمعرات 3؍ربیع الثانی 1445ھ19؍اکتوبر 2023ء

یورپی یونین کی جانب سے مہسا امینی کے لیے سخاروف پرائز دینے کا اعلان

یورپین پارلیمنٹ کی جانب سے ‘سوچ کی آزادی’ کیلئے دیا جانے والا سخاروف پرائز 2023ء ایران سے تعلق رکھنے والی مہسا امینی اور بعد ازاں ان کی موت کے بعد خواتین کے حقوق کی تحریک نے جیت لیا۔

اس بات کا اعلان یورپین پارلیمنٹ کی صدر روبرٹا میٹسولا نے آج یورپین پارلیمنٹ کے اسٹراس برگ میں جاری اجلاس میں کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’16 ستمبر کو ایران میں مہسا امینی کے قتل کو ایک سال مکمل ہو گیا۔ یورپی پارلیمنٹ فخر کے ساتھ ان بہادروں کے ساتھ کھڑی ہے جو ایران میں مساوات، وقار اور آزادی کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ ہم ان لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو جیل میں رہتے ہوئے بھی خواتین، زندگی اور آزادی کو زندہ رکھے ہوئے ہیں۔ سخاروف انعام برائے آزادی فکر 2023 کے لیے ان کا انتخاب کرکے یہ ایوان ان کی جدوجہد کو یاد کرتا اور ان تمام لوگوں کو عزت دیتا ہے جنہوں نے آزادی کی آخری قیمت ادا کی ہے’۔

یورپین پارلیمنٹ کی جانب سے ہر سال دیا جانے والا سخاروف پرائز، دنیا بھر میں سوچ کی آزادی کیلئے کام کرنے والوں کو دیا جاتا ہے۔

اس ایوارڈ کا فیصلہ پارلیمنٹ کی صدر اور پارلیمنٹ میں موجود تمام سیاسی گروپوں کے سربراہ مل کر کرتے ہیں۔

اس ایوارڈ کی انعامی رقم 50 ہزار یورو ہے جو 13 دسمبر 2023 کو یورپین پارلیمنٹ میں منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں دیا جائے گا۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.