جمعرات 3؍ربیع الثانی 1445ھ19؍اکتوبر 2023ء

آرمی چیف کا پاک فضائیہ کی آپریشنل ایئربیس کا دورہ، انڈس شیلڈ مشق کا مشاہدہ

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ایئربیس کا دورہ کرتے ہوئے انڈس شیلڈ مشق 2023 کا مشاہدہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

اس موقع پر ترکیہ، آذربائیجان اور ہنگری کے ایئر چیفس بھی میگا فضائی مشق کے مشاہدے کیلئے موجود تھے۔

ایئر چیف مارشل نے پاک فضائیہ کو جدید بنانے کی مہم میں جنرل عاصم منیر کے تعاون کو سراہا۔

سپہ سالار نے فضائی مشق کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مشترکہ مقاصد کے حصول میں کثیرالقومی فضائی مشقوں کی اہمیت پر زور دیا۔

جنرل عاصم منیر نے مشق کے شرکاء کی پیشہ ورانہ مہارت کی تعریف کی، انہوں نے فضائی مشق کے انعقاد پر ایئر پاور سینٹر آف ایکسی لینس کے کردار کو سراہا۔

کمانڈر ترک فضائیہ نے ہوابازی صنعت میں پاک فضائیہ کی بڑھتی خود انحصاری کا اعتراف کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ سینٹر آف ایکسی لینس کا ہنرمند اور ماہر فائٹر پائلٹ تیار کرنے میں اہم کردار ہے، فائٹر پائلٹ جدید جنگی حربوں کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔

آرمی چیف نے ایئر چیف کی متحرک قیادت کو بھی سراہا، انہوں نے مشق کے کامیاب انعقاد پر ایئر چیف کے عزم اور کاوشوں کو بھی سراہا۔

جنر ل عاصم منیر نے کہا کہ ایئر چیف کی انتھک کوششوں نے مشق کو خطے کی سب سے بڑی فضائی مشق بنانے کی راہ ہموار کی۔

آرمی چیف نے سائبر سیکیورٹی اور مصنوعی ذہانت کی اہمیت پر ایئر چیف کے وژن کی حمایت کی۔ انہوں نے کہا کہ مشق علاقائی سلامتی کو تقویت دینے اور اتحادی ممالک کے مابین تعاون کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔

سپہ سالار نے مزید کہا کہ مشق آپریشنل صلاحیتوں کے اضافے، امن و استحکام کے مشترکہ اہداف میں پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.