یورپین پارلیمنٹ نے دنیا بھر میں ارکان پارلیمنٹ کے حقوق کے دفاع کیلئے پروگرام لانچ کردیا ۔
یہ پروگرام یورپین پارلیمنٹ کی جانب سے ایک بین الاقوامی مباحثے ’ دنیا میں پارلیمنٹیرینز کے حقوق کی صورتحال‘ میں جاری کیا گیا، جس میں انٹرپالیمنٹری یونین، این جی او پارلیمنٹیرینز فار گلوبل ایکشن اور آسیان پارلیمنٹیرینز نے شرکت کی۔
پارلیمنٹ کی جانب سے شروع کردہ اس پروگرام کا نام ’پارلیمنٹیرینز کے ساتھ یکجہتی‘ رکھا گیا ہے جس کا مقصد دنیا بھر میں ان منتخب نمائندگان کو مدد فراہم کرنا ہے جنہیں ہراسمنٹ اور خطرات کا سامنا ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اس تجویز کی خالق پارلیمنٹ میں ڈیلیگیشن برائے عرب پینن سولا کی چئیر پرسن اور سب کمیٹی برائے انسانی حقوق کی وائس چئیر ہانا نیومان ایم ای پی نے کہا کہ ممبران پارلیمنٹ کو بھی ہراساں کیے جانے، دھمکائے جانے، من مانے عدالتی طریقہ کار اور قید کیے جانے کے خلاف تحفظ کی ضرورت ہے۔
یہ پروگرام ممبران یورپین پارلیمنٹ اور دنیا بھر کے دیگر پارلیمانی ارکان کے درمیان دوہری شراکت فراہم کرتا ہے۔
اس کے ساتھ ہی یہ پروگرام یورپین پارلیمنٹ کے ارکان کو ذاتی اپروچ اور نقطہ نظر کے تحت جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے کام کرنے کا موقع بھی فراہم کرے گا۔
یاد رہے کہ یہ پروگرام 30 جون کو ’انٹرنیشنل ڈے آف پارلیمینٹیرازم‘ کی مناسبت سے جاری کیا گیا تھا۔
اس موقع پر پارلیمنٹ کی سب کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چئیر پرسن ماریا ارینا نے کہا کہ یہ پروگرام یورپین پارلیمنٹ کے ڈیموکریسی سپورٹ اینڈ الیکشن کو آرڈینیشن گروپ (ڈی ای جی) کی جانب سے جمہوریت کی مدد کرنے کی اسٹریٹجی کا نیا ہتھیار ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یورپین پارلیمنٹ کو اس چیز کی سخت ضرورت تھی۔ اور ہم اس پروگرام کی کامیابی کیلئے اپنے ہم منصب ارکان کے ساتھ ملکر بھر پور کوشش کریں گے۔
Comments are closed.