یورپین سول سوسائٹی کی 41 تنظیموں نے یورپ میں بڑھتے ہوئے اسلاموفوبیا سے نبرد آزما ہونے اور اس مسئلے کو یورپین اداروں کے ساتھ بامقصد طریقے سے اٹھانے کیلئے اتحاد کا فیصلہ کیا ہے۔
اس بات کا اعلان ان تنظیموں کے مشترکہ پلیٹ فارم ’دی کولیکٹیو فار کاؤنٹرنگ اسلاموفوبیا ان یورپ‘ ECRI نے اپنی ایک پریس ریلیز میں کیا۔
ان تنظیموں نے کہا کہ موجودہ فرنچ ای یو پریزیڈنسی کے تحت ای یو کونسل نے حالیہ دنوں میں اینٹی سیمیٹزم اور نسل پرستی کے بارے میں نکات طے کئے ہیں، لیکن کونسل اس میں یورپ کے اندر بڑھتے ہوئے اسٹرکچرل اور ادارہ جاتی اسلاموفوبیا کو شامل کرنے اور اسے مخاطب بنانے میں ناکام رہی ہے۔
اس کے ساتھ ہی ان نکات میں روما، افریقی اور ایشیائی افراد کے خلاف نفرت کو بھی شامل نہیں کیا گیا۔ ECRI نے اپنے اعلامیے میں اس بات پر بھی افسوس کا اظہار کیا کہ اس کی جانب سے نسل پرستی اور مسلمانوں کے خلاف نفرت کو روکنے کیلئے پیش کردہ 60 سفارشات کو بھی ان نکات کا حصہ نہیں بنایا گیا۔ ان سفارشات میں اسلاموفوبیا کا بین الاقوامی دن منانے کی تجویز بھی شامل تھی۔
اعلامیے میں ای سی آر آئی نے مطالبہ کیا کہ یورپین یونین میں مسلمانوں کے خلاف نفرت کی روک تھام اور نسل پرست سیاستدانوں کی جانب سے انہیں سیاست کا موضوع بنا کر حملوں سے تدارک کیلئے ایک کوآرڈینیٹر مقرر کیا جائے۔ ساتھ ہی یورپین قیادت سے مزید مطالبہ کیا گیا کہ وہ یورپ میں اسلاموفوبیا کو بڑھنے سے روکنے کیلئے اپنا فعال کردار ادا کرے۔
Comments are closed.