پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف کا گزشتہ روز ہونے والے این اے 249 ضمنی الیکشن سے متعلق کہنا ہے کہ مفتاح کی جیت اور ان کے ووٹوں کی برتری کیسے کم ہوئی، پورے پاکستان نے دیکھا، پورا یقین ہے الیکشن کمیشن انصاف اور شفافیت کے تقاضے پورے کرے گا۔
شہبازشریف کی جانب سے پی ایم ایل این کے امیدوار مفتاح اسماعیل کو مبارکباد اور شاباش دی گئی ہے جبکہ این اے 249 کراچی کے عوام کا شکریہ ادا کیا گیا ہے۔
شہبازشریف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل نے جس طرح دن رات کام کیا، اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اللّٰہ تعالی پر بھروسے اور قومی و عوامی جذبے سے آگے بڑھتے رہیں گے، این اے 249 کراچی میں مسائل کے خاتمے کے لیے اپنی آواز اٹھاتے رہیں گے۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تمام پارٹی عہدیداروں بالخصوص کراچی کی ٹیم کو بھی شاباش دیتا ہوں، ڈٹ کر مقابلہ کرنے پر کارکنان اور پارٹی عہدیداروں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
شہبازشریف کی جانب سے حمایت کرنے پر جے یو آئی ف اور اے این پی کا خصوصی شکریہ بھی ادا کیا گیا ہے ۔
Comments are closed.