بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

ہنٹرز ہم تھے، لیکن ہمارا شکار کیا گیا: ڈیرن سیمی

ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان جونیئر لیگ (پی جے ایل) میں حیدر آباد ہنٹرز کے مینٹور ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ پی جے ایل میں حیدر آباد ہنٹرز کی ٹیم شکار ہو گئی ہے حالانکہ ہنٹرز ہم تھے لیکن ہمارا شکار کیا گیا۔

’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ کوئی میچ نہ جیت کر ایونٹ سے باہر ہونا مایوس کن ہے، میں نے مینٹور کی حیثیت بہت کچھ بتانا چاہا جو میرا کام بھی تھا لیکن ضرورت پلان پر عمل کرنے کی ہے، پلان پر عمل کی کمی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایک بھی پاور پلے نہیں جیتے، کھلاڑیوں نے موقع سے فائدہ اٹھانے کی کو شش نہیں کی اور ہم شکار ہو گئے، تمام کوچنگ اسٹاف کو مایوسی ہے کہ ٹیم کوئی میچ نہیں جیت سکی۔

ڈیرن سیمی پاکستان جونئیر لیگ کے میچ کے بعد قذافی اسٹیڈیم کے عمران خان انکلوژر کے پاس چلے گئے۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ جونیئر کی سطح پر لیگ درست سمت میں ایک قدم ہے، کھلاڑیوں کو اپنا ٹیلنٹ شو کرنے کا موقع ملے گا، ٹی ٹوئنٹی کا ایکسپوژر ملے گا جو انہیں مستقبل میں کام آئے گا۔

حیدر آباد ہنٹرز کے مینٹور کا کہنا ہے کہ لیگ کے دوران ٹیلنٹ بھی سامنے آیا ہے، بیٹر باسط علی سمیت دو تین اچھے فاسٹ بولرز اور اسپنرز سامنے آئے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان جونیئر لیگ میں حیدر آباد ہنٹرز کوئی میچ نہ جیت سکی اور پوائنٹس ٹیبل پر آخری نمبر پر رہی۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.