مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم فیصلہ کن موڑ پر پہنچ چکے ہیں، ہمیں اب اپنے لیے یا صرف میاں نواز شریف کے لیے نہیں ملک کے لیے آگے بڑھنا ہوگا۔
حویلیاں میں مسلم لیگ ن سوشل میڈیا کنونشن منعقد ہوا، جس سے ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ملکی تاریخ میں کبھی اتنی مہنگائی نہیں تھی جتنی آج ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب آپ کٹھ پتلی لے کر آتے ہیں تو ملک ان حالات سے دوچار ہوتا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے مزید کہا کہ 74 سالہ تاریخ میں عوام کے ووٹ کی بےحرمتی ہوتی آئی ہے، ووٹ کو ردی کے ٹکڑے کی طرح مسل دیا جاتا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہماری سوشل میڈیا ٹیم نے نواز شریف کا سپاہی بن کر گلی گلی کردار ادا کیا ہے ہمیں اب ملک کی خاطر نکلنا ہوگا۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف دور میں کہا جاتا تھا جب پٹرول، بجلی مہنگی ہوتی ہے تو وزیراعظم چور ہوتا ہے، وہ تو چور نہیں نکلے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں تو غریب بھی پیٹ بھر کے سوتا تھا، مہنگائی میں حکومتی نااہلی کا عمل دخل تو ہے ہی یہ ووٹ کی عزت پامال کرنے کا بھی نتیجہ ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ جب ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو ایسے حکمران مسلط کردیے جاتے ہیں جن کو صرف اپنی کرسی کی فکر ہوتی ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی کے باعث رل گئے، خودکشیوں پر مجبور ہوگئے، عوام کا کہنا ہے اس جعلی حکومت سے جان چھڑائیں۔
Comments are closed.