پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ اگر مسلم لیگ نون پی پی پی کے خلاف چارج شیٹ لائے گی تو ہمارے پاس بھی ن لیگ کے لیے چارج شیٹ ہے۔
شازیہ مری نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ڈی ایم اجلاس میں سوال کریں گے اپوزیشن اتحاد کی مخصوص جماعتوں کا خفیہ اجلاس کیوں بلایا گیا؟
اُنہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کے خلاف اتحاد کا نام ہے۔
شازیہ مری نے یہ بھی کہا کہ پی ڈی ایم کو اپوزیشن پارٹیوں کے خلاف استعمال کرنے کی مسلم لیگ نون کو وضاحت دینی ہوگی۔
اُنہوں نے سوالیہ انداز میں کہا کہ اگر استعفےاتنے ضروری تھے تو ن لیگ ابھی تک اسمبلیوں میں کیوں بیٹھی ہوئی ہے؟
شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے بغیر اپوزیشن اتحاد چلانے کی باتیں کی جارہی ہیں، پیپلزپارٹی کے بغیر مسلم لیگ نون استعفے دینے کو تیار نہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینے والے تمام سینیٹرز آزاد حیثیت میں منتخب ہوئے، ن لیگ کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر چاہیے تھا تو وہ ایک بار بلاول بھٹو سے عہدہ مانگ لیتے وہ خوشی سے دے دیتے۔
شازیہ مری نے مزید کہا کہ پی پی پی نے سینیٹ میں اکثریتی جماعت ہونے کی حیثیت میں اپنا اپوزیشن لیڈر منتخب کرایا، یہ کوئی جرم نہیں ہے۔
Comments are closed.