مسلم لیگ نون کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہمارے دور میں کوئی کرپشن نہیں تھی، صرف کام ہوتا تھا، اس حکومت میں صرف باتیں ہو رہی ہیں، کام نہیں ہو رہا۔
خواجہ سعد رفیق نے پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اپوزیشن کیخلاف ٹرانسپیرنسی رپورٹ کا راگ الاپتے رہے ہیں، حکومت نے بہت محنت کرکے قبضہ کرکے ن لیگ کے لوگوں کےنام لکھے ہیں، سب سے بڑا قبضہ گروپ پی ٹی آئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نجی یونیورسٹی کے طلبا پر ریاستی تشدد کا سلسلہ بند کیا جائے ،نجی یونیورسٹی کے طلبا کے جائز مطالبات کو تسلیم کیاجائے، نجی یونیورسٹی کے طلبہ کےمسئلے کو افہام و تفہیم سے حل کیاجائے۔
سعد رفیق نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے حکومتی اور اپوزیشن ارکان پر مشتمل ارکان کی کمیٹی بنائی جائے، گرفتار طلبا کو بھی فوری طور پر رہا کیا جانا چاہیے۔
رہنما مسلم لیگ نون نے کہا کہ پی ٹی آئی اپنا گھر سنبھال لے بڑی بات ہے، ہمارے ارکان پر کیا ہاتھ صاف کرے گی، حکومت کی ابھی آدھی مدت پوری ہوئی ہے اور اس میں دراڑیں پڑنا شروع ہو گئیں۔
انہوں نے کہا کہ براڈ شیٹ معاملے کی باتیں اب سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں، عمران خان کا کرپشن کا منترہ اب پِٹ چکا ہے۔
Comments are closed.