وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ہماری حکومت نے مختصر مدت میں شعبہ صحت میں انقلابی اصلاحات متعارف کرائی ہیں اور ان اصلاحات کا مقصد اسپتالوں میں عوام کو معیاری ہیلتھ کیئر فراہم کرنا ہے۔
عثمان بزدار نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ تین سال میں شعبہ صحت کے مجموعی بجٹ میں 118 فیصد اضافہ کیا گیا ہے جبکہ رواں مالی سال میں صحت کے لیے 369 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں۔
اُنہوں نے کہا کہ کورونا ویکسین خریدنے کے لیے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے ہیں جبکہ یونیورسل ہیلتھ انشورنس پروگرام ہماری حکومت کا فلیگ شپ پروگرام ہے جس کے تحت ہرشہری کا مفت علاج ہوگا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے یہ بھی کہا کہ ہر خاندان کو 7 لاکھ 20 ہزار روپے سالانہ علاج معالجہ کی معیاری سہولیات بالکل مفت میسر ہوں گی جبکہ ڈیرہ غازی خان اورساہیوال ڈویژن میں اس پروگرام کا آغاز ہو چکا ہے۔
عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ رواں سال31دسمبر تک گیارہ کروڑ عوام کو مفت علاج کی سہولت میسر ہوگی۔
Comments are closed.