بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

لاہور میں بھارتی کورونا ڈیلٹا وائرس کے واضح ثبوت مل گئے

ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کا کہنا ہے کہ لاہور میں کورونا کے بھارتی ڈیلٹا وائرس کی موجودگی کے واضح ثبوت مل گئے۔

ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کے مطابق 3 دن میں لاہور کے مختلف اسپتالوں سے 85 مشتبہ مریضوں کے نمونے لیئے گئے، ان سیمپلز میں ڈیلٹا ویرینٹ کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 607 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 21 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، کورونا کے مزید 834 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5 اعشاریہ 34 فیصد ہو گئی۔

اب تک 85 مشتبہ نمونوں میں سے 56 میں ڈیلٹا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے، شہر میں ڈیلٹا وائرس کی روک تھام کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیئے جا رہے ہیں۔

ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کا کہنا ہے کہ ڈیلٹا وائرس کے پھیلاؤ کی رفتار دوسرے وائرس سے 50 فیصد زیادہ تیز ہے، تاہم کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد سے اس خطرناک وائرس سے بچا جا سکتا ہے۔

کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے سلسلے میں قدم اٹھاتے ہوئے پنجاب کے سب سے بڑے شہر لاہور میں آج تمام مارکیٹیں بند ہیں۔

ترجمان محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر پنجاب کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی ڈیلٹا وائرس سے بچاؤ صرف کورونا کی ویکسین لگوانے سے ہی ممکن ہے۔

محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرپنجاب کے ترجمان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویکسین کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے، 18 سال سے زائد عمر کے تمام شہری کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.