
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما عطااللّٰہ تارڑ کا کہنا ہے کہ آپ جتنے اوچھے ہتھکنڈے اپنائیں گے اتنی نیب کی بات ہوگی، ہمارا پر امن احتجاج اور اظہار یکجہتی ہرحال میں ہوگا۔
عطاتارڑ نے مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کی۔ان کاکہنا تھا کہ نیب کو ایک مقدس گائے بنا کر پیش کیا جا رہا ہے، جیل جائیں تو نوازشریف، جیل جائیں تو شہبازشریف۔
انہوں نے مزید کہا کہ شہزاد اکبر ایک ڈرپوک آدمی ہے، آپ کی ایک ایک حرکت کو دیکھ رہے ہیں، وقت آئے گا آپ کو بھاگنے نہیں دیں گے، جتنے بھی اے ٹی ایمز ہیں وہ شہزاد اکبر کی معاونت سےجیبیں بھر رہے ہیں، سب سے پہلے شہزاد اکبر کو جیل میں ڈالیں گے۔
عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ رائےونڈ اراضی کا کیس تفتیشی ٹیم بھی مانتی ہے اس میں کوئی دم نہیں، سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے کے لیے یہ کیس بنایا گیا ہے، اب یک دم مریم نواز کےخلاف کیوں کیسز بنائے جا رہے ہیں۔
عطاتارڑ نے کہا ہے کہ نیب اس ملک میں ایک مذاق بن گیا ہے، آپ پوچھیں عدالتوں میں جا کر ان کا عدالتوں میں کیا حشر ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹا چینی کس نےچوری کیا پوری قوم جانتی ہے، بجلی کے کارخانوں والے کابینہ میں بیٹھے ہیں، جس نےادویات چوری کیں اسے پارٹی کا جنرل سیکریٹری بنایا گیا۔
عطاتارڑ نے کہا ہے کہ انہوں نے 126دن دھرنے کیے اور پی ٹی وی پر حملہ کیا، یہ گالم گلوچ کا کلچر آپ کی سیاسی جماعت میں ہے ہماری جماعت میں نہیں۔
دوسری جانب مریم اورنگزیب کا حکومت کی کاکردگی اور مہنگائی سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کرائے کے ترجمان، لوٹا بریگیڈ آج کل اخلاقیات، سیاسی اتحاد پر بات کرتی ہے، جس دن آٹا، چینی، گیس، پیٹرول، دوا مہنگی ہو اس دن ان سب کوسانپ سونگھ جاتا ہے۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ان کی انتہا یہ ہے کہ شہبازشریف کو جیل میں میڈیکل رپورٹ تک رسائی نہ دو، یہ گھٹیا اور چھوٹی حرکت ہے، چھوٹی ذہنیت کی عکاسی ہے، ایک مہینہ ہوگیا شہبازشریف نے میڈیکل ٹیسٹ کرائے، میڈیکل رپورٹ ان کو نہیں دی جارہی۔
اُن کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے خلاف آشیانہ،صاف پانی، گندا نالا کیس میں ایک دھیلے کی کرپشن نہیں ملی، اب اس بات پر اتر آئے ہیں کہ شہبازشریف کی میڈیکل رپورٹ نہیں دینی، یہ چور چور کا شور کر کے بجلی کا یونٹ11سے 24روپے پر لے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ چور چور کا شور کر کے گیس کی قیمت 800 سے 1400روپے پر لے گئے، یہ اتنےبڑے چور ہیں کہ سرکلر ڈیٹ ایک ہزار 36بلین تھا 27سوبلین کر دیا ہے، یہ چور بریگیڈ سلیکٹرز کی گاڑی کرائے پر چلا رہی ہے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا ہے کہ جو خود چور ہیں وہ چور چور کا نعرہ لگا کر چینی 52 سے 120پر لے گئے، یہ پاکستان کی ترقی5.8 فیصد سے منفی پر لے گئے ہیں۔
Comments are closed.