سندھ ہائیکورٹ نے ایم پی اے ہاسٹل کی تعمیرات میں کرپشن سے متعلق نیب انکوائری میں آغا سراج درانی کے وکیل کی جانب سے عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے پر خارج کردی۔
ایم پی اے ہاسٹل کی تعمیرات میں کرپشن سے متعلق نیب انکوائری کیس کی سماعت میں آغا سراج درانی اور ان کے وکیل شہاب سرکی عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
عدالتی عملہ آغا سراج درانی کے پیش ہونے کے لیے آوازیں لگاتا رہا، اس موقع پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ تفتیشی افسر عدالت میں موجود ہیں ملزم کو پیش ہونا چاہیے تھا۔
جسٹس محمد اقبال نے کہا کہ ہم کچھ مزید انتظار کرلیتے ہیں، شاید وہ پیش ہوجائیں۔
آغا سراج کے وکیل کے جونیئر وکیل نے پیش ہوکر کہا کہ آغا سراج درانی کی عبوری ضمانت کی درخواست واپس لے لی ہے۔
جونیئر وکیل نے آج کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ آغا سراج کی گزشتہ روز سندھ ہائیکورٹ سے درخواست ضمانت مسترد ہوئی تھی، انہیں فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنا ہے۔
اس موقع پر سندھ ہائیکورٹ نے عبوری ضمانت کی درخواست واپس لینے پر خارج کردی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سندھ ہائی کورٹ نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی و دیگر کی درخواست ضمانت کا تحریری فیصلہ جاری کیا تھا، عدالت نے آغا سراج درانی سمیت 11 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی، 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس اقبال کلہوڑو نے تحریر کیا۔
عدالتی فیصلے کے بعد نیب کی ٹیم گزشتہ روز شام 4 بجے کراچی میں آغا سراج درانی کےگھر پہنچی تھی اور گرفتار کیے بغیر 15گھنٹے بعد واپس چلی گئی۔
Comments are closed.