بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

گیارہ ستمبر 2001 کو امریکہ میں کیا ہوا تھا؟

9/11 حملوں کے 20 برس: گیارہ ستمبر 2001 کو امریکہ میں کیا ہوا تھا؟

  • پیٹرک جیکسن
  • بی بی سی نیوز

9/11

،تصویر کا ذریعہGetty Images

20 برس قبل آج ہی کے دن امریکہ کے شہر نیویارک میں دہشت گردی کی وہ کارروائی ہوئی تھی جس نے دنیا کا منظر نامہ ہی بدل کر رکھ دیا۔

وہ 11 ستمبر 2001 کی تاریخ اور منگل کا دن تھا جب خودکش حملہ آوروں نے چار امریکی مسافر بردار طیارے اغوا کر کے انھیں نیویارک اور واشنگٹن میں اہم مقامات سے ٹکرانے کے منصوبے پر عمل کیا۔

ان میں سے تین طیارے تو اپنے مقررہ اہداف تک پہنچنے میں کامیاب رہے جبکہ ایک ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی گر کر تباہ ہو گیا۔

ان حملوں کو نائن الیون حملوں کے نام سے یاد کیا جاتا ہے اور ان میں تین ہزار کے قریب افراد مارے گئے اور یہ حملے نہ صرف امریکیوں کے لیے بلکہ پوری دنیا کے لیے 21ویں صدی کے اذیت ناک ترین واقعات میں ایک قرار دیے جاتے ہیں۔

طیارے کہاں سے اغوا ہوئے اور ان کا ہدف کیا تھا؟

چار امریکی طیارے اغوا کرنے والے ہائی جیکروں کی کل تعداد 19 تھی جن میں سے کم از کم چار پائلٹ بھی تھے۔

نائن الیون حملے

جو طیارے ہائی جیکروں نے اغوا کیے تھے ان میں امریکن ایئرلائنز اور یونائیٹڈ ایئرلائنز کے دو بوئنگ 767 اور دو بوئنگ 757 طیارے شامل تھے۔

یہ طیارے امریکہ کے مشرقی علاقوں سے مغربی علاقوں کے لیے طویل دورانیے کی پرواز کر رہے تھے اور ان میں اسی تناسب سے زیادہ ایندھن بھی موجود تھا۔

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں
،ویڈیو کیپشن

نائن الیون کے وہ 102 منٹ جنھوں نے دنیا بدل کر رکھ دی

ان دہشت گرد حملوں کا پہلا ہدف نیویارک کے فنانشل ڈسٹرکٹ میں واقع ورلڈ ٹریڈ سینٹر تھا جس کے دو ٹاورز کو امریکن ایئرلائنز اور یونائیٹڈ ایئرلائنز کے دو بوئنگ 767 طیاروں سے نشانہ بنایا گیا۔

نائن الیون حملے

امریکی ریاست میساچوسٹس کے شہر بوسٹن کے لوگن ہوائی اڈے سے لاس اینجلس کے لیے پرواز بھرنے والی امریکی ایئرلائنز کی پرواز 11 اغوا کیے جانے کے بعد مقامی وقت کے مطابق صبح 08:46 پر ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے شمالی ٹاور سے ٹکرائی۔ طیارے نے ٹاور کی 93ویں سے 99 ویں منزل کو نشانہ بنایا۔

دنیا ابھی اس جھٹکے سے سنبھل ہی نہیں پائی تھی کہ 18 منٹ بعد دنیا میں کروڑوں افراد نے اپنی ٹی وی سکرینز پر لوگن ہوائی اڈے سے ہی پرواز کرنے والی یونائیٹڈ ایئرلائنز کی پرواز 175کو 09:03 منٹ پر جنوبی ٹاور سے ٹکراتے دیکھا۔

ہائی جیک کیے جانے والے تیسرے طیارے نے ریاست ورجینیا کے واشنگٹن ڈیلس ہوائی اڈے سے پرواز کر کے دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کا رخ کیا اور وہاں امریکی محکمۂ دفاع کی مشہورِ زمانہ عمارت پینٹاگون کے مغربی حصے کو مقامی وقت کے مطابق 09:37 پر نشانہ بنایا۔

نائن الیون حملے

یہ بھی پڑھیے

نووآرک کے ہوائی اڈے سے اڑنے والے چوتھے طیارے کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ اس کا ہدف واشنگٹن میں ہی واقع امریکی پارلیمان کی عمارت یعنی کیپیٹل ہل تھی لیکن وہ راستے میں ریاست پینسلوینیا کے مغربی علاقے میں شینکسویل کے مقام پر مقامی وقت کے مطابق 10:03 منٹ پر اس وقت گر کر تباہ ہو گیا جب طیارے کے مسافروں نے دیگر حملوں کی خبر سننے کے بعد مزاحمت کی۔

نائن الیون حملے

کتنے لوگ مارے گئے؟

ان حملوں میں 19 ہائی جیکروں کے علاوہ 2,977 افراد مارے گئے جن میں سے اکثریت کا تعلق نیویارک سے تھا۔

ان حملوں میں مرنے والوں میں سب سے کم عمر دو سالہ کرسٹین لی ہینسن تھیں جو اپنے والدین، پیٹر اور سو کے ہمراہ ایک طیارے میں تھیں۔

اپ کی ڈیوائس پر پلے بیک سپورٹ دستیاب نہیں
،ویڈیو کیپشن

نائن الیون حملوں کے 20 برس بعد بھی ان حملوں کے بارے میں سازشی نظریات کی کمی نہیں

مرنے والوں میں سب سے عمر رسیدہ شخص 82 سالہ رابرٹ نارٹن تھے جو اپنی بیوی جیکولین کے ہمراہ ایک شادی کی ایک تقریب میں شرکت کے لیے طیارے میں سفر کر رہے تھے۔

تباہ ہونے والے چاروں طیاروں میں سوار مسافروں اور جہاز کے عملے کی تعداد 246 تھی جن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں بچ سکا۔

نائن الیون حملے

سب سے زیادہ ہلاکتیں نیویارک میں ہوئیں جہاں ان حملوں کے نتیجے میں ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے دونوں ٹاور منہدم ہو گئے۔ ٹوئن ٹاورز سے طیاروں کے ٹکرانے اور پھر ان کے انہدام کے نتیجے میں مرنے والوں کی تعداد 2606 تھی۔

ان میں سے اکثریت فوری طور پر ہلاک ہوئی جبکہ کچھ زخموں کی تالاب نہ لاتے ہوئے ہسپتالوں میں وفات پا گئے۔

جب پہلا طیارہ شمالی ٹاور سے ٹکرایا تو اس وقت ٹاور میں 17,400 افراد موجود تھے۔

طیارہ جس منزل کے ساتھ ٹکرایا اس سے اوپر والی منزلوں پر موجود کوئی شخص بھی زندہ نہیں بچ سکا البتہ جنوبی ٹاور میں طیارہ جس منزل سے ٹکرایا اس کی بالائی منزلوں پر موجود 18 لوگ زندہ بچ گئے۔

نائن الیون حملے

نیویارک میں طیارے ٹکرانے کے بعد امدادی کارروائیوں کے لیے پہنچنے والے کارکنوں کی بھی بڑی تعداد عمارت کے انہدام کے وقت اس کی زد میں آئی اور ریسکیو عملے کے 441 لوگ بھی زندگی کی بازی ہار گئے۔ فائر اور پولیس ڈپارٹمنٹ کے علاوہ پورٹ اتھارٹی کے ملازمین بھی مرنے والوں میں شامل تھے۔

پینٹاگون پر ہونے والے حملے میں محکمۂ دفاع کی عمارت میں موجود 125 لوگ ہلاک ہوئے۔

ان حملوں میں مرنے والے افراد کا 77 مختلف ممالک سے تعلق تھا۔

ہزاروں لوگ ان حملوں میں زخمی ہوئے اور بعد میں حملے کی وجہ سے دوسری بیماریوں میں مبتلا ہوئے۔ ان میں فائر فائٹر زہریلے ملبے میں کام کرنے کی وجہ سے بیمار ہوئے۔

نائن الیون حملے

حملہ آور کون تھے؟

ان حملوں کی منصوبہ بندی القاعدہ نامی شدت پسند گروہ نے افغانستان میں کی تھی۔

القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن نے امریکہ اور اس کے اتحادیوں کو اسلامی دنیا کے جھگڑوں کا ذمہ دار قرار دیا۔

19 حملہ آوروں کی چار ٹولیوں نے یہ کارروائیاں کیں۔ ان چار ٹولیوں میں تین ٹولیاں پانچ پانچ افراد پر مشتمل تھیں جبکہ ایک میں چار افراد تھے جن کا طیارہ پینیسلونیا میں مسافروں کی مزاحمت کی وجہ سے گر کر تباہ ہو گیا۔

نائن الیون حملے

ہر گروپ میں ایک ایسا شخص موجود تھا جس نے طیارہ اڑانے کی تربیت حاصل کر رکھی تھی۔ انھوں نے یہ تربیت امریکہ کے فلائنگ سکولوں سے ہی حاصل کی تھی۔

اسامہ بن لادن کی طرح 15 ہائی جیکروں کا تعلق سعودی عرب اور دو کا تعلق متحدہ عرب امارت سے تھا۔ بقیہ دو میں سے ایک کا تعلق مصر جبکہ دوسرے کا لبنان سے تھا۔

نائن الیون حملے

امریکہ نے کس طرح جواب دیا؟

نائن الیون حملوں کے ایک ماہ سے کم عرصے میں صدر جارج ڈبلیو بش نے القاعدہ کو ختم کرنے اور اسامہ بن لادن کو ڈھونڈنے کے لیےایک عالمی اتحاد کے ہمراہ افغانستان پر پلغار کر دی۔

امریکی فوج 2011 میں بالاخر پاکستان میں اسامہ بن لادن کو ڈھونڈنے اور ہلاک کرنے میں کامیاب ہوئی۔

نائن الیون حملوں کے مبینہ منصوبہ ساز خالد شیخ محمد کو 2003 میں پاکستان سے گرفتار کر کے گوانتانامو بے رکھا گیا جہاں وہ اب بھی موجود ہیں اور مقدمے کی کارروائی شروع ہونے کی منتظر ہے۔

نائن الیون حملے

القاعدہ اب بھی موجود ہے۔ وہ افریقی صحرائے اعظم کے جنوبی حصے میں مضبوط ہے۔ اس کے ارکان اب بھی افغانستان میں موجود ہیں۔

بیس برسوں بعد امریکی افواج افغانستان سے واپس جا رہی ہیں جس کے بعد ایسے خدشات جنم لے رہے ہیں کہ شدت پسند اسلامی گروہ ایک بار پھر واپس آ سکتا ہے۔

نائن الیون کی میراث

نائن الیون حملوں کے بعد ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیےحفاظتی اقدامات کو سخت کیا گیا۔

نائن الیون حملے

امریکہ میں ہوائی سفر کو محفوظ بنانے کے لیے ’ٹرانسپورٹیشن سیکورٹی ایڈمنسٹریش’ کا قیام عمل لایا گیا جس کے فرائض میں ہوائی اڈوں اور ہوائی جہازوں میں سکیورٹی کو سخت کرنا تھا۔

ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے ٹوئن ٹاورز کے ملبے کو وہاں سے اٹھانے میں آٹھ ماہ لگے۔ گراؤنڈ زیرو پر ایک میوزیم بن چکا ہے اور اس کے اردگر مختلف ڈیزائن کی عمارتیں کھڑی ہو چکی ہیں۔

اب ٹوئن ٹاور کی جگہ ’ون ورلڈ ٹریڈ سنٹر یا فریڈم ٹاور تعمیر ہو چکا ہے جس کی اونچائی 1,776 فٹ ہے اور یہ تباہ ہونے والے شمالی ٹاور جس کی اونچائی 1368 فٹ تھی سے 408 فٹ بلند ہے۔

پینٹاگان کی تعمیر نو میں ایک سال سے بھی کم وقت لگا اور اگست 2002 میں پینٹاگون کا عملہ واپس اسی جگہ واپس پہنچ چکا تھا۔

BBCUrdu.com بشکریہ
You might also like

Comments are closed.