الجزائر سے تعلق رکھنے والا نوجوان گزشتہ 2 برس سے اپنی والدہ کی قبر کے پہلو میں سو رہا ہے، اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو ہر ایک کی توجہ کا مرکز بن گئی۔
بلاشبہ دنیا میں ماں کی محبت کا کوئی نعم البدل نہیں، جب اس کا سایہ سر سے اُٹھتا ہے تو احساس ہوتا ہے کہ اس جیسی بےلوث محبت کرنے والا دنیا میں اور کوئی نہیں۔
الجزائر میڈیا کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو الجزائر سے تعلق رکھنے والے ایک شخص اسماعیل بیرابیہ کی ہے جس کی والدہ کی وفات 2 برس قبل ہوگئی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسماعیل بیرابیہ اپنی والدہ کی وفات کے غم سے اب تک نکل نہیں سکا اور اس کے صدمے و اُداسی کی یہ حالت ہے کہ وہ گزشتہ 2 برس سے اپنی ماں کی قبر کے پہلو میں سو رہا ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شیئر کی گئی اس ویڈیو کلپ میں اسماعیل بیرابیہ کو اپنی والدہ کی قبر کے پہلو میں سوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے جبکہ اس صارف کے مطابق چاہے موسم جیسا بھی ہو وہ اس بات پر اصرار کرتا ہے کہ اسے اپنی ماں کے پہلو میں ہی رہنا ہے اور یہیں سونا ہے۔
جنوبی الجزائر کی ریاست ادرار کے گورنر نے اس وائرل ویڈیو کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹوریٹ آف ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کو ہدایت کی ہے کہ وہ اسماعیل بیرابیہ کے علاج کا خیال رکھیں، اس کا جسمانی اور نفسیاتی معائنہ کروائیں اور ضرورت کے مطابق اسے طبی امداد دی جائے۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ اگر ضرورت پیش آئے تو اسماعیل بیرابیہ کو دماغی اور اعصابی امراض کے اسپتال میں داخل کروایا جائے۔
Comments are closed.