سندھ حکومت کی جانب سے گجر نالے کو 35 فٹ سے بڑھا کر 80 فٹ تک چوڑا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی تعاون اور عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کور کمانڈر کراچی، صوبائی وزراء اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے، ایڈیشنل سیکریٹری پلاننگ اسلام آباد سے بذریعہ وڈیو لنک شریک ہوئے۔
اجلاس کے دوران مون سون کی تیاری پر بھی تبادلہ خیال کرتے ہوئے بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ گجر نالے کے رائٹ بینک سے 9.5 کلومیٹر تجاوزات ہٹائے گئے ہیں جبکہ ابھی بھی 3.35 کلو میٹر تجاوزات ہٹانے ہیں اور گجر نالے کے 3587 متاثرین میں سے 2190 کو چیک دیئے جا چکے ہیں۔
بریفنگ کے دوران مزید آگاہی دی گئی کہ گجر اور اورنگی نالوں سے 72 فیصد تجاوزات ہٹائے گئے ہیں۔
اجلاس کے اراکین کو بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کراچی کے تمام اضلاع میں 128 چوکنگ پوائنٹس اور 95 ڈی واٹرنگ پمپس موجود ہیں۔
اجلاس کے دوران وزیر اعلیٰ سندھ کی جانب سے نالوں کی صفائی مون سون سے پہلے مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کے ایم سی، ڈی ایم سیز اور کے ڈبلیو ایس بی مون سون پلان پر عمل کریں، وزیراعلیٰ سندھ نے وزیر بلدیات کو 74 مزید پمپس خریدنے کی بھی ہدایت کی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس کے دوران اورنگی نالے کو 20 سے 409 فٹ چوڑا کرنے، نالوں کے ساتھ سیوریج کی الگ لائن بچھانے اور نالوں کے دونوں اطراف سڑکوں کو تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گجر نالہ 12.5 کلومیٹر طویل ہے، گجر نالے کا ڈیزائن ڈسچارج 12500 کیوسک رکھا گیا ہے جبکہ اجلاس میں اورنگی نالے کا ڈیزائن ڈسچارج 8828 کیوسک رکھنے کی منظوری دی گئی ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق گجر نالہ 120 کیوسک، اورنگی نالہ 55 کیوسک سیوریج ڈسچارج کرے گا۔
Comments are closed.