بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کے سی آر اورنگی اسٹیشن تک آپریشنل، دھابے جی تک سفر کا کرایہ 30 روپے مقرر

رپورٹ: اعجازاحمد
سٹی اسٹیشن سے اورنگی اسٹیشن تک ریلوے لائن بحال کرکے کراچی سرکلر ریلوے ( کے سی آر) آپریشن کا حصہ بنادیا گیا۔

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس) کراچی محمد حنیف گل نے سروس بحال ہونے پر عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر لوپ لائن میں چلنے سے عوام کی سفری تکلیف میں کمی آئے گی۔

انہوں نے ریلوے افسران اور ملازمین کو بھی ٹریک بحال کرنے پر مبارک باد دی۔ بحالی کے بعد ڈی ایس کراچی نے پراجیکٹ ڈائریکٹر (پی ڈی) امیر محمد دائود پوتا کے ساتھ اورنگی سے ڈرگ روڈ اسٹیشن تک بقایا 16 کلومیٹر لوپ لائن کا بھی معائنہ کیا۔

ریلوے حکام کے مطابق پاکستان ریلوے نے کے سی آر بحالی منصوبے پر سپریم کورٹ کے احکامات کے پیش نظر بدھ کو سٹی سے اورنگی اسٹیشن تک 14 کلومیٹر تک ٹریک کو کے سی آر آپریشن کا حصہ بنایا ہے اور کے سی آر ٹرین اب اورنگی سے دھابےجی اسٹیشن تک 74 کلومیٹر کی سفری سہولت فراہم کرے گی۔

کے سی آر ون اپ روزانہ شام سوا 4 بجے اورنگی اسٹیشن سے براستہ منگھوپیر، سائٹ، شاہ عبداللطیف، بلدیہ، لیاری اور وزیر مینشن اسٹیشن سے ہوتی ہوئی 14 کلومیٹر فاصلہ طے کر کے سٹی اسٹیشن پہنچے گی۔

جہاں سے اپنے معمول کے مطابق مزید 60 کلومیٹر فاصلہ طے کر کے دھابے جی پہنچے گی، جب کہ کے سی آر ٹو ڈائون صبح سوا 10بجے اورنگی اسٹیشن پہنچے گی۔

اورنگی اسٹیشن سے دھابے جی تک سفری کرایہ صرف 30 روپے ہی رکھا گیا ہے۔ ایک ٹرین 5 کوچز پر مشتمل ہوگی، جس میں مجموعی طور پر 500 مسافر سفر کر سکیں گے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.