مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر اور چیف آرگنائزر مریم نواز نے کہا ہے کہ کھڈیاں والوں نے مینار پاکستان پر جلسہ کرنے والے کو کھڈے میں پھینک دیا۔
قصور کے علاقے کھڈیاں میں مریم نواز کے جلسے کے دوران کارکنوں کا جوش و خروش عروج پر رہا، مریم نواز نے خطاب میں کہا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ پورا کھڈیاں جلسہ گاہ آجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ چھے سال تک گدھے پر لکیریں بنا کر اسے زیبرا بنانے کی سر توڑ کوشش کی گئی، لیکن سہولت کاروں کے جانے سے لکیریں مٹ گئیں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ 6 مہینوں میں تو چھتوں کے لینٹر کھل جاتے ہیں لیکن اس کا پلستر نہیں کھلا۔
ن لیگی سینئر نائب صدر نے یہ بھی کہا کہ ضمانت پارک کے اندر دہشت گرد چھپاکر رکھے ہوئے تھے، ضمانت پارک تو دہشت گردوں کی پناہ گاہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں سچ بولنے سے باز نہیں آؤں گی، 2018 میں الیکشن چوری کیا گیا، گزشتہ عام انتخابات میں بھی گھڑی چور کو قصور میں گھسنےنہیں دیا۔
مریم نواز نے کہا کہ پوری دنیا جان گئی یہ فتنہ حکومت میں ہو تو پاکستان کی تباہی ہے، گیدڑ کو لیڈر کا ماسک پہنانے کی پوری کوشش کی گئی، سہولت کار جب چلے گئے اور ماسک اترا تو گھڑی چور نکلا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کہتا تھا کہ قانون سب کےلیے برابر ہے آج قانون سے مفرور ہے، عدالتوں میں پیش نہیں ہوتا اور زمان پارک میں چھپ جاتا ہے۔
ن لیگی نائب صدر نے کہا کہ عدالتوں نے کہا کہ پیش ہوجاؤ تو عمران خان کہتا ہے میں بزرگ ہوں، بیمار ہوں، میری جان کو خطرہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس زمان پارک میں پہنچتی ہے تو پولیس پر زمان پارک سے حملہ کیا جاتا ہے، عمران خان کہتا ہے زمان پارک میں اس کی بیوی اکیلی تھی تو کیا پولیس پر پیٹرول بم جنات پھینک رہے تھے؟
مریم نواز نے کہا کہ کیا زمان پارک میں پولیس کے سر موکلات نے پھاڑ دیے تھے؟ وہاں دراصل دہشت گرد چھپائے گئے تھے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان پولیس کو بلاکر پنجاب پولیس پر حملہ کرایا گیا، پوچھتی ہوں عمران خان جتنا ڈرپوک شخص آپ لوگوں نے دیکھا ہے؟
ن لیگی چیف آرگنائزر نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف خود کو بلکہ اپنے سہولت کاروں کو بھی ڈبویا ہے، اس کے بچے لندن میں محفوظ ہیں، قوم کے بچوں کوسڑکوں پر مار کھانے کے لیے چھوڑ دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس دن عمران خان کی تقریر ہارے ہوئے شخص کی تقریر تھی، پوچھتی ہوں اس منشیات زدہ شخص کے کہنے پر پنجاب اسمبلی کیوں توڑی گئی؟
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب حکومت حمزہ شہباز سے چھینی گئی، عمران خان سن لو قوم تمہیں کبھی اقتدار میں آنے نہیں دے گی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے قتل کی روز ایک نئی کہانی سناتا ہے، ایسے شخص کو چڑیا گھر میں رکھ کر ٹکٹ رکھنی چاہیے۔
Comments are closed.