کورونا کے باعث خدمات کے شعبہ کی بندش کے باوجود ایس آر بی کی جانب سے خدمات پر سیلز ٹیکس وصولی میں 21 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو کہ ایس آر بی کی بہتر کار کردگی کا ثبوت ہے۔
سندھ ریونیو بورڈ ترجمان کے مطابق کورونا کے باعث جزوی طور پر لاک ڈاؤن کے باوجود سندھ ریونیو بورڈ نے 30 جون کو ختم ہونے والے مالی سال 21-2020 کے دوران 128 ارب روپے وصولی کا سنگ میل عبور کرلیا۔
ایس آر بی نے مجموعی طور پر 21-2020 کے دوران 128 ارب روپے وصول کئے، جبکہ 20-2019 کے دوران 106 ارب روپے وصول کئے گئے تھے، ایس آر بی کی ٹیکس وصولی معاشی سست روی اور کورونا کے باوجود 21 فیصد اضافے کی عکاسی کرتی ہے۔
سندھ سیلز ٹیکس کے 121 ارب روپے کے ساتھ 128 ارب روپے کی ریکارڈ وصولی کی گئی، جو کہ 20-2019 کی نسبت 21 فیصد زیادہ، ایس آر بی نے 21-2020 کے دوران سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مد میں 7 ارب روپے وصولی کی ہے۔
سندھ ویلفیئر فنڈ کیلئے گزشتہ سال 6 ارب وصولی کی گئی تھی، اس طرح سندھ ویلفیئر فنڈ کیلئے رواں سال شرح میں 17 فیصد اضافہ ہوا، ایس آر بی نے جو سنگ میل عبور کیا وہ 2011 میں تنظیم کے آغاز سے ہی کامیابیوں میں مستقل مزاجی کی نمائندگی کرتا ہے۔
ترجمان کے مطابق اپنے قیام 2011 کے بعد ایس آر بی کے ریونیو میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور یہ پیشہ ورانہ انداز میں ڈیوٹی سرانجام دینے اور افرادی قوت کے ذریعہ محنت اور استقامت کا مظہر ہے۔
ایس آر بی ترجمان کا کہنا ہے کہ21-2020 کے سندھ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا گیا، اس کے باجود ٹیکس وصولی میں اضافہ قابل ستائش ہے ،کاروباری ماحول بھی خدمات کے شعبے کیلئے کورونا کی وجہ سےکافی حد تک اچھا نہیں رہا۔
ایس آر بی کی ٹیم اپنے ٹیکس دہندگان کے اعتماد ، تعاون اور حکومت سندھ کی مستقل حمایت کا اعتراف کرتی ہے، جس کے بغیر ایس آر بی کی تاریخی کارکردگی ممکن نہیں۔
Comments are closed.