کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدر آباد میں 10 سرکاری اسکول بند کر دیئے گئے۔
محکمۂ تعلیم کی جانب سے حیدر آباد کے ان 10 سرکاری اسکولوں کی کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے باعث بندش کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
ان تمام اسکولوں کو 5 اپریل تک ڈس انفیکٹ کرنے کے بعد بتدریج کھولا جائے گا۔
واضح رہے کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد دوسرے صوبوں سے زیادہ 2 لاکھ 65 ہزار 917 ہو گئی، جبکہ کُل اموات 4 ہزار 504 ہو چکی ہیں۔
ادھر پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر جاری ہے، کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان 31 ویں نمبر پر ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 5 ہزار 234 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 83 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 1 ہزار 931 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح بڑھ کر 10 اعشاریہ 43 فیصد ہو گئی۔
ملک بھر میں کورونا وائرس سے انتقال کرنے والوں کی مجموعی تعداد 14 ہزار 613 ہو گئی ہے، جبکہ کُل مریضوں کی تعداد 6 لاکھ 78 ہزار 165 ہو چکی ہے۔
24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے مزید 50 ہزار 170 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 2 لاکھ 97 ہزار 544 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔
ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے کُل 56 ہزار 347 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 3 ہزار 384 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 6 لاکھ 7 ہزار 205 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔
Comments are closed.