وزیراعظم عمران خان کاکہنا ہے کہ کورونا وائرس کا گراف نیچے لانے کے لئے اگلے دو ہفتے بہت اہم ہیں، لوگ ماسک پہنیں، بھارت سے سبق سیکھیں، وہاں لوگ سڑکوں پر کورونا سے مر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں کم لاگت والے گھروں کے منصوبے کا سنگ بنیا د رکھ دیا، تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہاکہ کورونا کی دو لہر میں اللہ نے ہم پر بڑا کرم کیا ہے، میں سب کو ماسک پہننے کی تاکید کرتا ہوں، ثابت ہوگیا ہے کہ ماسک سے کورونا کنٹرول ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اشرافیہ نے ملک کو قابو میں لیا ہوا ہے، ایک مائنڈ سیٹ ہے کہ یہ چھوٹے سے طبقے کا پاکستان ہے، چھوٹے سے طبقے نے سارے نظام کو گھیرے میں لیا ہوا ہے، جیلوں میں صرف غریب لوگ نظر آتے ہیں، ہمارا انصاف کا نظام طاقتور کو نہیں پکڑ سکتا۔
وزیراعظم نے کہا کہ جب انگریز چھوڑ کر گیا سرکاری اسپتالوں میں بہترین علاج ہوتا تھا، آہستہ آہستہ امیروں کے لئے پرائیویٹ اسپتال بن گئے، امیر نجی اسپتالوں اور سپر رچ بیرون ملک اپنا علاج کراتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ طاقتور کو قانون کے نیچے لانا ہے، 30 سال سے حکومت کرنے والے آج کھرب پتی ہیں، سب اکٹھے ہوگئے ہیں، حساب دینے کو تیار نہیں، خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں، پی ڈی ایم کے نام سے یونین بنی ہوئی ہے کہ ہمیں این آر او دے دو، عام لوگوں کو بے شک جیل میں ڈال دو۔
وزیراعظم نے کہاکہ میری عمر پاکستان جتنی ہے، لاہور میں آہستہ آہستہ کچی آبادیاں بنتے دیکھی ہیں، آہستہ آہستہ لاہور بغیر پلاننگ کے پھیلتا گیا، یہاں آلودگی نہیں تھی، امیروں اور غریبوں کے علاقے الگ ہوگئے، آج آدھے کراچی میں کچی آبادی ہے، کچی آبادی میں رشوت کے عوض بجلی اور گیس ملتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ عدالتوں میں پچاس پچاس سال کیس حل نہیں ہوتے، جو معاشرہ عام آدمی کو اوپر نہیں اٹھاتا وہ اوپر نہیں جاتا، آج پاکستان میں شور مچا ہوا ہے، حساب دینے کو تیار نہیں، ہمیں طاقت کو قانون کے نیچے لانا ہے، کمزور کو اوپر اٹھانے کی ذمہ داری ریاست کو لینا ہے۔
عمران خان کاکہنا تھا کہ بینک کو جب تک قرض واپس ہونے کا یقین نہیں ہوگا وہ قرض نہیں دے گا، پاکستان میں صفر اعشاریہ 2 فیصد ہاؤسنگ میں قرضہ دیا جاتا ہے، پاکستان کی تاریخ میں سیمنٹ کی فروخت کا ریکارڈ ٹوٹ گیا ہے، کنسٹریکشن ہاؤسنگ کی وجہ سے بے روزگاری کم ہوگی۔
وزیراعظم نے کہاکہ اللہ نے ہمیں ہر قسم کی نعمت دی ہے، لیکن ہم نےفائدہ نہیں اٹھایا، ٹورازم ایسا شعبہ ہے جس سے ایکسپورٹ سے زیادہ پیسہ کما سکتےہیں، بدقسمتی سے کسی نے ٹورازم پر توجہ نہیں دی، 50 سال سے ہم نے زراعت کے بارے میں نہیں سوچا، ہم زراعت میں نئی ٹیکنالوجی لائیں گے۔
ان کاکہنا تھا کہ اب تک کے اندازے کے مطابق گندم کی ریکارڈ پیداوار ہوئی ہے، اس سال 11 ارب روپے کسانوں کے پاس اضافی گئے ہیں۔
آج پاکستان میں شور مچا ہوا ہے، سب اکٹھے ہوگئے ہیں، 30 سال سے حکومت کرنے والے حکومت میں آنے سے پہلے کیا تھے؟ آج کھربوں پتی ہیں، وہ حساب دینے کے لئے تیار نہیں، خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
وزیراعظم کو پنجاب پیری اربن کم لاگت ہاؤسنگ اسکیم سے متعلق بریفنگ بھی دی گئی،اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور فرخ حبیب بھی ان کے ساتھ موجود تھے، وزیر اعظم نے کلین ایند گرین مہم کے تحت پودا بھی لگایا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ پہلے مرحلے میں ایک لاکھ سے زیادہ گھر بنائیں جائیں گے۔
Comments are closed.