بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کورونا متاثرہ اضلاع میں آٹھویں کلاس تک اسکولز 28 اپریل تک بند

وفاقی وزیر برائے تعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں کورونا متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں کلاس تک اسکولز 28 اپریل تک بند رہیں  گے ۔

این سی او سی کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں شفقت محمود نے کہا کہ پنجاب کے 13 متاثرہ اضلاع میں پہلی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز آن لائن ہوں گی، 19 اپریل سے نویں سے بارہویں جماعت کے بچے سخت ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اسکول و کالجز آئیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ 28 اپریل کو جائزہ لیا جائے گا کہ اسکول عید تک بند کرنے ہیں یا نہیں۔

وفاقی وزیرتعلیم شفقت محمود کا کہنا ہے کہ کورونا صورت حال میں ہم نے کئی اقدامات کیے، اسکول بند کرنا بڑا مشکل فیصلہ ہے۔

میڈیا بریفنگ میں شفقت محمود نے کہا کہ اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ نویں سے بارہویں جماعت تک امتحانات ضرور ہوں گے، کیمبرج کے تمام امتحانات بھی وقت پر ہوں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ نویں سے بارہویں جماعت تک کے امتحانات مئی کے تیسرے ہفتے میں ہوں گے، جامعات سے درخواست کی ہے کہ داخلے کا شیڈول آگے کردیں، امتحانات تاخیر سے ہوں گے تو رزلٹ تاخیر سے آئے گا اس لیے جامعات داخلے آگے کردیں۔

انہوں نے کہا کہ جامعات سے انٹری ٹیسٹ کی تاریخیں بڑھانے کا کہا ہے،  اے اور او لیول کے امتحانات مکمل ایس او پیز کے ساتھ ہوں گے، اے اور او لیول کے تقریباً 4ہزار بچے امتحانات دیں گے۔

وفاقی وزیر تعلیم کی جانب سے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی شدت کو دیکھتے ہوئے تعلیمی اداروں کی بندش کے اعلان سے طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور شفقت محمود طلبہ کے وزیراعظم بن گئے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت، سری لنکا، نیپال میں بھی اے ،او لیول کے امتحانات ہو رہے ہیں، دنیا کے 80 فیصد ممالک میں امتحانات ہورہے ہیں۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کا کورونا وائرس کی تیسری لہر میں شدت کے بعد ملک کے تعلیمی اداروں کو کھولنے یا بند کرنے کے حوالے سے خصوصی اجلاس ہوا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 3 ہزار 953 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 103 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس بیماری سے 2 ہزار 198 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز آنے کی شرح 8 اعشاریہ 4 فیصد ہو گئی۔

اسد عمر کی زیر صدارت این سی او سی کے اجلاس میں وفاقی اورصوبائی وزرائے تعلیم و صحت شریک ہوئے، تعلیمی اداروں میں سالانہ امتحانات کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا گیا۔

یاد رہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے 9 اضلاع میں 11 اپریل تک تعلیمی ادارے بند تھے۔

دوسری جانب سندھ میں آج سے پندرہ روز کے لیے آٹھویں جماعت تک اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.