پاکستان تحریک انصاف کے رہنما خرم شیر زمان کا کہنا ہے کہ کل شام ہمارے 3 اراکین اسمبلی کو اغوا کیا گیا، ہمارے ان اراکین کے نمبرز بند ہیں اور گھر والوں کو بھی علم نہیں ہے وہ کہاں ہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خرم شیر زمان نے کہا کہ ان اراکین کے حوالے سے پولیس کو ہم نے اطلاع کردی ہے، ان 3 اراکین کی آخری لوکیشن ڈیفنس کی آئی ہے، کل شام تک یہ 3 اراکین ہم سے رابطے میں تھے۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ آپ تمام کڑیوں کو ملائیں تو آپ سمجھ جائیں گے، تحریک انصاف کے اراکین کو دھمکایا گیا اور مقدمات درج کئے گئے، ہمارے تین اراکین کو فوراً بازیاب کروایا جائے۔
رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ کریم بخش گبول کو دھمکا کر بیان دلوایا گیا، کریم بخش گبول ہمیشہ پیپلز پارٹی کے خلاف بیان دیتے آئے ہیں۔
خرم شیر زمان نے کہا کہ ہمارے پاس بھی ادارے موجود ہیں ہم بھی یہ کرسکتے تھے، ہمیں یقین ہے کہ پیپلز پارٹی اراکین پر دباؤ ڈال رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مسلسل سندھ حکومت کی جانب سے اراکین کو ڈرایا اور دھمکایا جا رہا ہے، سندھ میں چھانگا مانگا کی سیاست شروع ہوگئی ہے، اگر کسی رکن کو کوئی نقصان پہنچا تو ذمےدار سندھ حکومت ہوگی۔
Comments are closed.