کلاشنکوف AK-47 جیسی شکل کے حقے نے آسٹریلوی شہری کو جیل بھجوا دیا
- مصنف, ٹام ہاؤسڈن
- عہدہ, بی بی سی نیوز، سڈنی
آسٹریلوی پولیس نے ایک ایسے شخص پر فرد جرم عائد کی ہے جسے مبینہ طور پر ایک کلاشنکوف AK-47 اسالٹ رائفل اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا تھا – لیکن اس کا مقصد کچھ اور ہی نکلا۔
بدھ کی شام شمال مغربی سڈنی میں اسالٹ رائفل کی وجہ سے ہنگامی کالوں کے فوری بعد پولیس کو ایک بڑی کارروائی کرنا پڑی۔
اس سے پہلے کہ سی سی ٹی وی کی مدد سے پولیس کلاشنکوف بردار شخص تک پہنچتی، حکام نے ایک بڑے عملے کے ساتھ کارروائی کی جس میں ایک ہیلی کاپٹر بھی شامل تھا۔
اُس شخص سے بظاہر ایک ’رائفل‘ برآمد ہوئی، لیکن پولیس کو جلد ہی معلوم ہو گیا کہ یہ درحقیقت ایک کلاشنکوف کی شکل سے سے ملتا جلتا ایک حُقّہ ہے – ایک آلہ جسے تمباکو یا دیگر نشہ آور جڑی بوٹیاں پینے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
پولیس نے بتایا کہ اس واقعے کے سلسلے میں ایک 50 سالہ شخص کو بعد میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
آسٹریلیا کے ایک صوبے نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’پولیس کی جانب سے ایک کار کی تلاشی کے دوران مبینہ طور پر ایک نقلی کلاشنکوف AK-47 اسالٹ رائفل برآمد ہوئی۔ نیو ساؤتھ ویلز پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا کہ ’پولیئر نامی ہیلی کاپٹر کی مدد سے، پولیس افسران کو قریبی گھاس کے میدان میں ایک شخص نظر آیا۔‘
اس شخص پر بعد میں غیر قانونی آتشیں اسلحہ رکھنے اور دھمکیاں دینے کے الزام میں مقدمہ بھی قائم کیا کردیا گیا ہے۔
اِس شخص کو ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے اور اس کے کیس کی سماعت اپریل میں ہوگی۔
مقامی میڈیا نے رپورٹ کیا کہ پولیس عدالت میں الزام لگائے گی کہ ضبط شدہ شے ایک حُقّہ تھا، یہ ایک ایسا آلہ ہے جس کے منہ پر یعنی چِلم میں تمباکو یا دیگر جڑی بوٹیوں کو سلگایا جاتا ہے اور اس کے پیندے میں لگے برتن میں موجود پانی سے اس کے دھویں کو نتھارا جاتا ہے اور پھر لوگ کشید کیے ہوئے دھویں کو سگریٹ نوشی کی طرح پیتے ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز کے منشیات کے قوانین میں کہا گیا ہے کہ ’حُّقے کو بیچنا، سپلائی کرنا یا فروخت کے لیے دوکان پر سجانا جرم ہے… یا اس کے اجزاء یا پرزے، چاہے (اِن) کا مقصد کسی ممنوعہ منشیات کے انتظام کے لیے استعمال کیا جائے‘۔
سنہ 1940 کی دہائی میں میخائل کلاشنکوف نے سوویت فوج کے لیے ایک سستے اور قابل اعتماد خود کار ہتھیار کے طور پر یہ خود کار رائفل تیار کی تھی۔ ایک اندازے کے مطابق، اب تک تقریباً 10 کروڑ حقیقی کلاشنکوف AK-47 رائفلیں تیار کی جا چکی ہیں۔
Comments are closed.