بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

کشمیر الیکشن میں ڈسکہ والی دھاندلی نہ ہوئی تو نتائج ہمارے حق میں ہونگے: سعد رفیق

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ آزاد کشمیر کے الیکشن میں اگر ڈسکہ والی دھاندلی نہ ہوئی تو نتائج نون لیگ کے حق میں ہوں گے۔

لاہور کی احتساب عدالت کے باہر مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے اپنے بھائی خواجہ سلمان رفیق کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری ووٹر بڑا باشعور ہے، وہ ایسی غلطی نہیں کریں گے جو 2018ء میں کی گئی۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کا جن مکمل بے قابو ہو چکا ہے، جو بجٹ پیش کیا گیا مکمل فیل بجٹ ہے۔

لاہور کی احتساب عدالت نے مسلم لیگ نون کے رہنما، خواجہ برادران، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کے خلاف پیرا گون ہاؤسنگ ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی۔

مسلم لیگ نون کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا ہے کہ یہ آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن کے مطابق پاکستان کو چلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ جب بھی عوام میں جانے کا وقت آئے گا لوگ پی ٹی آئی کو بری طرح مسترد کر دیں گے۔

اس موقع پر ان کے بھائی خواجہ سلمان رفیق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محکمۂ صحت بری طرح ناکام ہو چکا ہے، کورونا ویکسی نیشن کے حوالے سے فنڈز کے باوجود مناسب انتظام نہیں کیا گیا، ویکسین کبھی ملتی ہے اور کبھی ختم ہو جاتی ہے۔

ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے چوہدری پرویز الہٰی سے کہا کہ آپ نے شیر بن کر حمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے، اوپر سے دباؤ کے باوجود حمزہ شہباز اور سلمان رفیق کے پروڈکشن آرڈر پر عمل بھی کرایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈینگی کے مریض بھی سامنے آ رہے ہیں، اس حوالے سے جو کام ہونا چاہیئے تھا وہ نہیں کیا گیا، 3 سال میں پنجاب کے اسپتالوں میں ایک بیڈ کا بھی اضافہ نہیں کیا گیا۔

خواجہ سلمان رفیق نے یہ بھی کہا کہ ادویات کی قیمت میں 11 مرتبہ اضافہ کیا گیا ہے جس سے عام آدمی کی زندگی تنگ ہو گئی، حکومت باقی شعبوں کی طرح شعبۂ صحت میں بھی بری طرح ناکام ہو چکی ہے۔

بشکریہ جنگ
You might also like

Comments are closed.