کراچی کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 240 میں گزشتہ روز ہونے والے ضمنی انتخاب کے دوران ہونے والی ہنگامہ آرائی کے 2 مقدمات لانڈھی اور کورنگی تھانے میں درج کر لیے گئے۔
لانڈھی تھانے میں پریزائیڈنگ افسر کی مدعیت میں دہشت گردی اور دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
درج کی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق ایک سیاسی جماعت کے 400 سے 500 افراد پولنگ اسٹیشن میں داخل ہوئے، جنہوں نے عملے کو زد و کوب کیا۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ان افراد نے الیکشن کے سامان کو نقصان پہنچایا، بیلٹ باکسز کو نقصان پہنچایا جس پر پولیس فوری حرکت میں آئی۔
دوسرا مقدمہ تھانہ کورنگی میں پولیس افسر کی مدعیت میں درج کیا گیا، اس مقدمے میں ہنگامہ آرائی کی دفعہ شامل کی گئی ہے۔
کورنگی تھانے میں درج کی گئی ایف آئی آر کے متن کے مطابق اسکول میں قائم پولنگ اسٹیشن کے باہر ڈنڈا اٹھائے 20 سے 25 افراد موجود تھے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس نے کارروائی کر کے 5 افراد کو پکڑا جن کے پاس سے ڈنڈے برآمد کیے، ڈنڈے اٹھائے ان افراد نے امن و امان کی صورتِ حال خراب کرنے کی کوشش کی۔
ایف آئی آر کے متن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈنڈا برداروں نے عملے کو زد و کوب کیا، الیکشن کے سامان کو نقصان پہنچایا گیا، پولیس نے صورتِ حال کو قابو میں کر کے فوری پولنگ کا عمل شروع کرایا۔
Comments are closed.